بھارتی تعصب، جھاڑکنڈ میں مردہ گائے پر فساد، مسلمان کے مکان کو آگ لگا دی

بھارتی تعصب، جھاڑکنڈ میں مردہ گائے پر فساد، مسلمان کے مکان کو آگ لگا دی

  

نئی دہلی(صباح نیوز)بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں مردہ گائے ملنے پر فساد کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ مجمع کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے فائرنگ کی۔یہ واقعہ گریڈیہ ضلع کے ہساگرست گاؤں میں پیش آیا جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پر قابو پانے کے لیے سی آر پی ایف کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔جھارکھنڈ پولیس کے ترجمان آر کے ملک نے بتایا کہ اس واقعے میں زخمی عثمان انصاری کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس فائرنگ میں زخمی ہونے والا شخص کرشنا بھی ہسپتال میں داخل ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں 11افراد کو گرفتار کیا ہے۔پولیس کے ترجمان آر کے ملک نے بتایا کہ بیریا گاں کا رہائشی عثمان انصاری ڈیری چلانے کا کام کرتے ہیں۔ ان کی ایک گائے کی بیماری سے موت ہو گئی تھی۔ عثمان نے مردہ جانوروں کو تلف کرنے والے شخص سے بات کی۔ پیسے کے حوالے سے دونوں میں گرما گرمی ہو گئی تو عثمان نے خود ہی گائے کو تلف کر دیا۔ اسی دوران کسی نے گائے کا سر اور پاؤں کاٹ دیا۔آر ملک نے مزید بتایا ہفتہ وار مارکیٹ جاتے لوگوں نے سر کٹی گائے کی لاش دیکھی تو افواہ پھیلی کہ عثمان انصاری نے ہی گائے کو مارا ہے۔ اس کے بعد ہجوم نے عثمان کے گھر پر حملہ کر دیا۔پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی پولیس گاؤں پہنچی اور فسادیوں کو قابو میں کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور فائرنگ کی۔لاٹھی چارج اور فائرنگ کے نتیجے میں عثمان انصاری کے گھر کے لوگوں کو بچایا جا سکا۔ اس میں ایک شخص پاؤں پر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ ہجوم نے عثمان انصاری کو بری طرح پیٹا۔عثمان انصاری کے بیٹے سلیم نے بتایا کہ جب ہجوم نے ان کے مکان کو آگ لگائی تو اس وقت ان ی والدہ، بیوی سمیت خاندان کے تمام افراد مکان کے اندر تھے۔سلیم نے بتایا کہ اگر پولیس نہ آتی تو ان کے والد کو لوگ وہیں پر مار دیتے۔

مزید :

صفحہ آخر -