دہشتگردی کی شدید مذمت، آئندہ جمعہ ملک بھر میں قومی یکجہتی اور اتحاد امت کے نام سیمنایا جائے گا: ملی یکجہتی کونسل

دہشتگردی کی شدید مذمت، آئندہ جمعہ ملک بھر میں قومی یکجہتی اور اتحاد امت کے ...

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پارا چنار ،کوئٹہ اور کراچی میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت اور سانحہ احمد پور شرقیہ پر اظہار افسوس کیلئے ملی یکجہتی کونسل کا ہنگامی اجلاس قائم مقام امیر جماعت اسلامی و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ کی صدارت میں منصورہ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں حافظ عبد الرحمن مکی،حافظ عاکف سعید ،خرم نواز گنڈا پور،پیر ہارون گیلانی ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،ابتسام الہٰی ظہیر ،حافظ کاظم رضا،سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ،حافظ عبد الرزاق روپڑی ،پیر حبیب عرفانی ،ڈاکٹر امجد چشتی ،ثاقب اکبر ،لعل مہدی خان اوررضی عباس شمسی سمیت اٹھارہ دینی جماعتوں کے مرکزی قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد لیاقت بلوچ نے دیگر قائدین کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں پارہ چنار ،کوئٹہ اور کراچی میں دہشت گردی کے پے درپے واقعات کی شدید مذمت کی گئی ہے۔عالمی استعماری ایجنڈے کی تکمیل کیلئے پاکستان میں دہشت گردی کا کھیل کھیلا جارہا ہے ۔پارا چنار کا واقعہ کسی ایک مسلک نہیں پوری قوم کے خلاف دہشت گردی ہے ۔حکومت نے پارا چنار سانحہ پر بے حسی کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے عوام میں سخت تشویش پائی جارہی ہے ۔ملک کا کوئی وزیر خارجہ ہے نہ خارجہ پالیسی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو فوری طور پر پارا چنار جا نا چاہئے تھا۔آئندہ جمعہ کو ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں قومی یکجہتی اور اتحاد امت کے نام سے منایا جائے گا۔بھارت اوراسرائیل کی سرپرستی کرکے امریکہ دنیا بھر میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے ۔متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین کو دہشت گردقرار دینامودی کی خوشنودی اور کشمیر کی تحریک آزادی کو سبو تاژ کرنے کی سازش ہے ۔امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ سعید کو فوری رہا کیا جائے ۔ملی یکجہتی کونسل آٹھ اور 13جولائی کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے دن منائے گی۔اجلاس نے مطالبہ کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا جائے ۔پارا چنار کے شہداء اور زخمیوں کے خاندانوں کی فوری اور مناسب امدا د کی جائے۔ملی یکجہتی کونسل کا وفد جلد پارا چنار کا دورہ کرے گا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اتحاد امت کا پیغام لیکر ملی یکجہتی کونسل میں شامل جماعتوں کے قائدین پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد جلد سعودی عرب ،ترکی ،قطر اور ایران کا دورہ کرے گا تاکہ سعودی عرب اور قطر کے درمیان تنازع کو ختم کرایا جاسکے ۔قبل ازیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعۃ الدعوۃ کے نائب امیر حافظ عبد الرحمن مکی نے کہا کہ پاکستانی حکمران امریکہ اور بھارت کی خوشنودی کیلئے تحریک آزادی کشمیر اور متحدہ جہاد کونسل کے خلاف امریکہ اور بھارت کے موقف کے حامی بنے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ داعش کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ، یہ را ، موساد اور سی آئی اے کے ایجنٹو ں کا ٹولہ ہے ۔حافظ عاکف سعید نے کہا کہ 57مسلم ریاستوں میں کسی ایک جگہ بھی شریعت کا نظام رائج نہیں جس کی وجہ سے پورا عالم اسلام اللہ کے عتاب میں ہے ،قائد اعظم ملک میں خلافت راشدہ کا نظام چاہتے تھے مگر بعد میں آنے والوں نے ان کے نظریات اور تحریک پاکستان کے شہداء کے خون سے غداری کی ۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا اس حکومت سے کسی خیر کی توقع کرنا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کاطرز حکومت جابرانہ ظالمانہ ہے جس نے عدالتی نظام کو بھی تباہ کردیا ہے ۔پیر سید ہارون گیلانی نے پاراچنار واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کراچی اور کے پی کے کو خون میں نہلایا گیا جس پر مذمت کی قرار دادوں کے سوا کچھ نہیں ہوا۔ملی یکجہتی کونسل کو نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کی تحریک اٹھانی چاہئے تاکہ دہشت گردی کا مستقل سدباب ہوسکے ۔ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ دشمن قوتوں کا اصل ہدف دین اسلام اور دیندار طبقہ ہے ۔قومی یکجہتی کے پیغام کو نئی نسل میں منتقل کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر کمپین لانچ کی جائے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور قطر تنازع میں ہماری طرف سے یکساں قومی موقف جانا چاہئے ۔حافظ کاظم رضا نے کہا پارا چنار کے متاثرین پانچ روز سے لاشیں رکھ کر بیٹھے ہوئے ہیں ،پارا چنار میں ظلم و بربریت کی تمام حدیں پھلانگ دی گئی ہیں ،وزیر اعظم کی طرف سے پارا چنارکے بڑے سانحہ کو نظر انداز کرنااور متاثرین کے پاس جاکر ان کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار نہ کرنا قابل شرم ہے۔اجلاس میں سانحہ احمد پورشرقیہ کے شہداء کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔

مزید :

صفحہ آخر -