اچھرہ ، لیسکو کی غفلت ایک اور جان نگل گئی ،کمسن بچہ لٹکتی تاروں سے جھلس کر ہلاک

اچھرہ ، لیسکو کی غفلت ایک اور جان نگل گئی ،کمسن بچہ لٹکتی تاروں سے جھلس کر ...

لاہور(خبر نگار) اچھرہ کے علاقے میں کھمبے سے لٹکتی بجلی کی تاروں سے کرنٹ لگنے پر13سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا۔متوفی کے لواحقین نے نعش سڑک پر رکھ کر فیروز پور روڈ بلاک کرکے لیسکو کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی ۔لیسکو حکام اور پولیس سے مذاکرات کے بعد لواحقین احتجاج ختم کر کے نعش دفنانے کے لئے لے گئے۔لیسکو حکام نے واقعہ کی انکوائری کے احکامات جاری کردئیے۔بتایا گیاہے کہ اچھرہ کے علاقے میں13سالہ راہول مسیح بجلی کے کھمبے کے پاس سے گزر رہاتھا کہ اسے اچانک کرنٹ لگا اور وہ زمین پر گرپڑا ۔اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن و ہ جانبر نہ ہوسکا ۔راہول مسیح کی ہلاکت پر اس کے رشتہ دار سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے نعش سڑک پر رکھ کر فیروز پور روڈ بلاک کرکے لیسکو حکام کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ۔لیسکو حکام اور پولیس افسران نے لواحقین سے مذاکرات کئے جس میں لواحقین نے لیسکو انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ۔مذاکرات کامیاب ہونے پر راہول کے رشتہ دار نعش دفنانے کے لئے گھر لے گئے ۔اس بارے میں لیسکو ترجمان کا کہناہے کہ جس کھمبے سے کرنٹ لگا ہے وہ ٹی این ٹی کا کھمبا تھا ۔انہوں نے کہاکہ لیسکو افسران نے واقعہ کی انکوائری کے احکامات جاری کردئیے ہیں ۔

مزید : علاقائی