عید کے تیسرے روز کہیں ہلکی ،کہیں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار

عید کے تیسرے روز کہیں ہلکی ،کہیں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار

ملتان ،کوٹ ادو، ٹھٹھہ صادق آباد، میلسی، عبد الحکیم، لیاقت پور، راجن پور(سپیشل رپورٹر، نمائندگان) عید کے پہلے 2ایام میں شدید گرمی اور حبس کے بعد تیسرے روز ملتان سمیت کئی علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔عید کے پہلے اور دوسرے روز شدید (بقیہ نمبر36صفحہ7پر )

گرمی اور حبس کے باعث شہریوں کا برا حال تیسرے روز بارش اور گھنکھور گھٹائیں چھانے سے گرمی کے ستائے شہری گھروں سے باہر نکل آئے تفریحی مقامات کی رونقیں بحال ہوگیءں۔اس ضمن میں ملتان سمیت مضافاتی علاقوں میں عید الفطر کے پہلے اور دوسرے روز شدید گرمی اور حبس کے باعث شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے جس کے باعث عید کی خوشیا ں پھیکی پڑچکی تھیں مگر عید کے تیسرے روز ملتان سمیت جنوبی پنجا ب کے بیشتر علاقوں میں بادلوں کے ساتھ گھنگھور گھٹائیں چھانے اور بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جس کے نتیجہ مں گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا موسم بہتر ہونے پر پارکوں اور تفریحی مقامات پر شہریوں کا رش بڑھ گیا او ر شہری موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میں موسم خوشگوار رہنے اور مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ کوٹ ادو سے تحصیل رپورٹر کے مطابق عید کے روزشام کے وقت اچانک آسمان پر کالے بادل آمڈ آئے اورگرد چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ، جسکی وجہ سے گلیاں اور نشیبی علاقے بارش کے پانی سے بھر گئے، جبکہ بجلی وٹیلی فون کا نظام بھی معطل ہوگیا،بارش سے گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے اور عید کی خوشیاں دوبالا ہو گئیں۔ ٹھٹھہ صادق آباد سے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ روز صبح سویرے ہی جہانیاں شہر، ٹھٹھہ صادق آباد ونواح میں آسمان پر کالے بادل چھاگئے،تیز ہوا کے ساتھ ہلکی ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا،جو کچھ دیر جار ی رہا،بارش اور ٹھنڈی ہواسے موسم کافی خوشگوار اور ٹھنڈا ہوگیا،جبکہ بارش کے باعث گلیوں،بازاروں سڑکوں پر دھول چھٹ گئی گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ میلسی سے نمائندہ پاکستان سے مطابق تیسرے روزسورج کو عوام پر ترس آہی گیااور بالآخربادلوں کوآسمان پراٹکھیلیاں کرنے کا موقع دیکربادلوں کی اوٹ میں چھپ گیا جس کے بعد آسمان پربادل چھاگئے اور ہلکی ہلکی بارش نے موسم کو خوشگوار بنادیا موسم خوشگوار ہوتے ہی گھروں میں دبکے شہریوں نے تفریحی مقامات کا رخ کیا اورعیدکے آخری روزعیدکوخوب انجوائے کیا۔ عبدالحکیم سے نمائندہ خصوصی کے مطابق عبدالحکیم اور علاقہ میں صبح کے وقت موسلا دھار بارش ، کئی دن کی شدید گرمی کے بعد بارش سے موسم خوش گوار تاہم گلیوں محلو میں کیچڑ جمع ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا۔ لیاقت پور سے تحصیل رپورٹر کے مطابق عیدکی دوسری شام تیزاہوااورموسلادھاربارش کی وجہ سے گرمی اورحبس کی بڑھتی ہوئی شدت نے خاطرخواہ کمی واقع ہوئی اورموسم خوشگوارہوگیا۔تاہم بارش کی وجہ سے کئی نشیبی علاقے اورسڑکیں پانی سے بھرگئی۔ راجن پور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق ضلع راجن پور میں صبح سویرے سے ہی گہرے بادل چھانے اور ٹھنڈی ہواؤ ں کے چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا ،گرمی کازور ٹوٹتے ہی شہریوں نے سکھ کاسانس لیا اور تفریحی مقامات کارُخ کرلیا دن بھر کالے بادل چھائے رہے ۔ راجن پور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق راجن پور کے پہاڑی سلسلے کوہِ سلیمان پر موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں کاہاسلطان نالے میں ایک بار پھر طغیا نی آگئی ،پچیس ہزار کیوسک کاسیلابی ریلہ کاہا نالے سے گذر کر راجن پور کے زمینی علاقوں میں پھیل رہا ہے میراں پور سمیت علاقہ پچادھ کے کئی دیہات میں اس وقت سیلا بی پانی داخل ہو چکا ہے روجھان اور جام پور کے کئی مقا مات سے بھی سیلا بی روایتی راستوں سے گذر کردریائے سندھ کی جانب بڑھ رہا ہے علاقہ پچادھ کے علاقوں لال گڑھ ،ہڑ ند سمیت دیگر دیہات کازمینی رابطہ راجن پور سے منقطع ہوچکا ہے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر