ڈیرہ‘ عید الفطر کے موقع پر ناروا لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرہ

ڈیرہ‘ عید الفطر کے موقع پر ناروا لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرہ

ڈیرہ اسماعیل خان (بیورو رپورٹ)پیسکو پی ڈی سی پشاور میں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف فیڈرز پر عید الفطر کے باوجود لوڈ شیڈنگ کے اوقات میں ظالمانہ اضافہ کردیا ،ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف پنیالہ کی عوام واپڈا کیخلاف سڑکوں پر نکل آئی ،ٹائر جلا کر سڑکوں کو بلاک کردیا۔تفصیلات کے مطابق پیسکو پی ڈی سی پشاور کی طرف سے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے لئے نئے لوڈ شیڈنگ کے اوقات کا نوٹفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے اس نوٹفیکیشن کے مطابق قیوم نگر فیڈر ،منیز آباد فیڈر اٹھارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوگی جبکہ گومل یونیورسٹی فیڈر،سٹی ٹو فیڈر،دامان آئل مل فیڈر،کوٹلہ حبیب فیڈر،گومل فیڈر اور ڈی ڈی اے ون فیڈر پر چھ گھنٹے ،صدر فیڈر،کینٹ ٹو،مندھراں فیڈر اور بارآن آباد فیڈرپر چودہ گھنٹے ،سٹی ون فیڈر،سی آر بی سی فیڈر،ٹاؤن ہال فیڈراور مسلم بازار فیڈر پر بارہ گھنٹے ،انڈس فیڈر ،شیخ یوسف فیڈر،توپانوالا فیڈر،سگو فیڈر،مریالی ون فیڈر اور کینٹ ون فیڈر پر دس گھنٹے اور دامان کالج فیڈر پر چھ گھنٹے لوڈ شیٖڈنگ ہوگی،ڈیرہ اسماعیل خان کی تاجر برادری اور سول سوسائٹی نے پی ڈی سی پشاور کی طرف سے ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کے شیڈول کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ منتخب نمائندوں کی نا اہلی کی وجہ سے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جسکی وجہ سے نا صرف کاروبار تباہ ہورہے ہیں بلکہ اسکا اثر معمولات زندگی پر بھی بری طرح پڑ رہا ہے اسی لئے منتخب نمائندے حق نمائندگی ادا کرتے ہوئے ڈیرہ اسماعیل خان کی عوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلوائیں۔اسی طرح پنیالہ کی عوام پیسکو واپڈا کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی مظاہرین نے ڈھول کی تھاپ پر احتجاج کیا سڑکوں پر ٹائر جلائے اور روڈ کو ٹریفک کیلئے احتجاجاً بند کردیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر