فلپائن میں قومی ترانہ گرم جوشی کیساتھ نہ پڑھنے والوں کیلئے سزا کا قانون منظور

فلپائن میں قومی ترانہ گرم جوشی کیساتھ نہ پڑھنے والوں کیلئے سزا کا قانون ...
فلپائن میں قومی ترانہ گرم جوشی کیساتھ نہ پڑھنے والوں کیلئے سزا کا قانون منظور

  

منیلا(ڈیلی پاکستان آن لائن )فلپائن میں قومی ترانے کو گرم جوشی کیساتھ  نہ پڑھنے پر قید کی سزا کا قانون پاس ہو گیا ۔یہ اقدام ترانے کے تقدس اور وقار کو برقرار رکھنے کیلئے کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فلپائن کے ایوان نمائندگان نے ایک بل منظور کیا ہے جس کے تحت قومی ترانہ گرم جوشی اور ملی جوش و جذبے سے نہ پڑھنے والے افراد کو ایک سال قید اور 2ہزارڈالر تک جرمانے ادا کرنا ہو گا ۔

بل کو قانون کا درجہ حاصل کرنے کے لیے سینیٹ سے منطوری درکار ہے ۔ دوسری بار قانون کی خلاف ورزی کرنے والے شہری کو سزا و جرمانہ ایک ساتھ کیا جائے گا جب کہ مقامی اخبارات میں اس کی تصویر کے ساتھ سرزنش کی جائے گی۔

بل کے مطابق جب بھی عوامی مقامات پر قومی ترانہ بجایا جائے وہاں موجود تمام افراد پر لازم ہوگا کہ وہ اس کے احترام میں کھڑے ہوجائیں، اپنا چہرہ قومی پرچم کی جانب کرلیں اور اگر پرچم موجود نہ ہو تو اس طرف منہ کرلیں جہاں سے ترانہ پڑھا جارہا ہے اور پورے جوش و جذبے کے ساتھ ترانہ پڑھیں۔ ترانے کے دوران کوئی بھی ایسی حرکت جس سے اس کا وقار مجروح ہوتا ہو قابل سزا ہوگی۔

بل میں فلپائن کے تمام سکولوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بچوں کو ترانے کی طرز اور الفاظ مکمل طور پر یاد کرائیں جبکہ یہ بات بھی واضح کی گئی ہے کہ وہ لوگ جو اپنے مذہبی عقائد کی وجہ سے ترانہ نہیں پڑھ سکتے انہیں استثنیٰ حاصل ہوگا البتہ ان پر ترانے کے دوران احتراماً کھڑا ہونا لازم ہوگا۔

مزید : بین الاقوامی