ون ڈے کرکٹ میں بھی آل راﺅنڈر کے طور پر ٹاپ 5میں شامل ہونے کی کوشش کرو ں گا، عماد وسیم
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راﺅنڈر عماد وسیم کا کہنا ہے کہ ہم نے قوم کو آئی سی سی چیمپئین شپ کا تحفہ دیا تو قوم کی دعاﺅں اور اللہ کے کرم سے مجھے آئی سی سی ٹی ٹونٹی باﺅلنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن کا تحفہ مل گیا جو کسی اعزاز سے کم نہیں ہے ،میں کوشش کر وں گا کہ اس اعزاز کو برقرار رکھتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں بھی آل رواﺅنڈر کے طور پر ٹاپ 5میں شامل ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ بہترین پرفارمنس دے کر ملک اور خود کا نام روشن کر ے اور میں بھی چاہتا ہوں کہ ون ڈے میں آل راﺅنڈر کے طور پر بھی ملک کا پرچم بلند کروں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو سال سے آل راﺅنڈ ر کی حیثیت سے کھیلنے والے کھلاڑی عماد وسیم نے آئی سی سی ٹی ٹونٹی کی پہلی پوزیشن اپنے نام کی ہے عماد وسیم نے19میچ کھیلتے ہوئے 396گیندیں کروائیں جس کے نتیجے میں 23وکٹیں حاصل کرتے ہوئے اعزاز کے حق دار ٹھہرے ۔