ملک میں کرپٹ نظام اور کرپٹ سیاستدانوں سے لوگ تنگ آچکے ، کرپشن کے ناسور ے خلاف تحریک انصاف کی جنگ ہمیشہ جاری رہے گی:سینیٹر اعظم سواتی
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ لوگ اب ملک میں کرپٹ نظام اور کرپٹ سیاستدانوں سے تنگ آچکے ہیں اور تبدیلی کے لئے تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہے ہیں ، پاناما کیس ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا کرپشن کیس ہے جس کا فیصلہ جلد متوقع ہے، دیکھنا یہ ہے کہ فیصلہ پاکستانی عوام کے حق میں آتا ہے یا ملک لوٹنے والوں کے حق میں ، کرپشن کے ناسور ے خلاف تحریک انصاف کی جنگ ہمیشہ جاری رہے گی۔PS-114 کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کی جیت یقینی ہے ۔جھوٹے دعوے اور وعدے کرنے والے پہلے 9سالہ کر کردگی کا حساب دیں۔
کراچی آمد کے موقع پر ائیر پورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ میں نے حلقہ PS-114کے علاقے اعظم بستی اور محمود آباد میں کافی عرصہ گزارا ہے ، مجھے امید ہے کہ یہاں کے عوام تبدیلی کی خاطر تحریک انصاف کو ووٹ دے کر انجینئر نجیب ہارون کو کامیاب بنائیں گے، کراچی منی پاکستان ہے ، بد قسمتی سے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت گزشتہ کئی سالوں سے حکومت پر قابض اور ان کے اتحادیوں نے شہر کراچی کو بد امنی ، محرومی اور پستی کی طرف دھکیلا ۔ انہوں نے کہا کہ اب کراچی کی عوام کو امید کی آخری کرن عمران خان کی صورت میں نظر آرہی ہے ۔ انشاء اللہ 9جولائی کو حلقہPS-114کے عوام اپنے حلقے سے تبدیلی کے اس سفر کا آغاز کریں گے اور کسی سیاسی مافیا کے جھوٹے دعووں اور کھوکھلے نعروں اور بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔