خیبر پختونخوا میں داخل ہوئی تو تبدیلی کو بڑا تلاش کیا لیکن دکھ ہوا، عمران خان نے اپنے صوبے میں احتساب کمیشن کو بھی تالے لگا دیئے:مریم اورنگزیب

خیبر پختونخوا میں داخل ہوئی تو تبدیلی کو بڑا تلاش کیا لیکن دکھ ہوا، عمران ...
خیبر پختونخوا میں داخل ہوئی تو تبدیلی کو بڑا تلاش کیا لیکن دکھ ہوا، عمران خان نے اپنے صوبے میں احتساب کمیشن کو بھی تالے لگا دیئے:مریم اورنگزیب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے تحریک انصاف اور خیبر پختونخوا حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور میں داخل ہوئی تو تبدیلی کو بڑا تلاش کیا لیکن دکھ ہوا، بڑی کوشش کی کہ ایک ارب درختوں کو بھی تلاش کروں، 350 چھوٹے ڈیمز بنانے کا بھی وعدہ کیا گیا تھا مگر ہوا کچھ بھی نہیں،عمران خان نے اپنے صوبے میں احتساب کمیشن کو بھی تالے لگا دیئے ہیں، خیبر پختونخوا میں احتساب کمیشن کا تالا کون کھولے گا؟ عمران صاحب کا 90 دن میں کرپشن کے خاتمے کا اعلان کدھر گیا؟ عمران خان اب عوام کے درمیان نہیں جاسکتے صرف بنی گالا میں مائیک کے سامنے باتیں کرسکتے ہیں ۔

پشاور میں ’’ میٹ دی پریس ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی عدالت سے عمران خان فرار ہیں اور کرپشن کے شہنشاہوں کو دائیں، بائیں کھڑے کر کے کرپشن کیخلاف بات کرتے ہیں،عمران صاحب کا 90 دن میں کرپشن کے خاتمے کا اعلان کدھر گیاَ؟ خیبر پختونخوا میں احتساب کمیشن کا تالا کون کھولے گا؟جھوٹے الزام پر وزیر اعظم نے تین نسلوں کا حساب دیا، قانون اور آئین کی حکمرانی کے لئے پورے خاندان کو پیش کیا جبکہ دہشتگردی کی عدالت میں عمران نیازی کی آواز لگتی ہے مگر وہ نظر نہیں آتے، جے آئی ٹی پر تحفظات کے باوجود پیش ہو رہے ہیں۔مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا کی ایف آئی آر جو ’’ آن لائن‘‘  تھی وہ ’’ آف لائن‘‘  ہو چکی ہے، عمران خان کا واحد مقصد اقتدار کی ہوس ہے، عوام عمران خان کو ہر طرح سے مسترد کر چکے ہیں، عمران کسی سرکاری سکول میں ایک نیا کمرہ ہی دکھا دیں۔

وزیر مملکت نےعمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ نواز شریف کا شکر ادا کریں کہ جنہوں نے خیبر پختونخوا میں اِنہیں حکومت بنانے کا موقع دیا، پلوں اور میٹرو پر تنقید کرنے والے آج چار سال بعد خیبر پختونخوا میں یہی کچھ بنا رہے ہیں، بنی گالا میں بیٹھ کر سیاست کے پروفیسر بننے والے کی اصل حالت دیکھنی ہے تو خیبر پختونخوا میں آ کر دیکھیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کو قوم مسترد کرچکی ہے اور اب وہ  عوام کے درمیان نہیں جاسکتے صرف بنی گالا میں مائیک کے سامنے باتیں کرسکتے ہیں۔مریم اورنگزیب  کا  کہنا تھا کہ احتساب سے بھاگنے والے لوگ نتھیا گلی میں رہائش اختیار کرتے ہیں۔

مزید :

قومی -