اسلام آباد چیمبرکی ترکی کے شہر استنبول میں بزنس کانفرنس

اسلام آباد چیمبرکی ترکی کے شہر استنبول میں بزنس کانفرنس

  



اسلام آباد(اے پی پی )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ترکی کے شہر استنبول میں ایک بزنس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں پاکستان سے 400 افراد پر مشتمل تاجر برادری کے ایک وفد نے چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید کی قیادت میں شرکت کی۔ ترکی کی ٹریڈ باڈی ایسکن کے صدر حسن علی سیسر، ترکی پاکستان بزنس کونسل کے صدر اتیلا ڈمیر یردلیکایا، استنبول میں پاکستان کے قونصل جنرل بلال خان پاشا، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا، فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک اور ترکی کی تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات قائم ہیں تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ دیں جس سے دونوں کی معیشتوں اور عوام کیلئے زیادہ فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی طرف سے ترکی میں بزنس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد دونوں ممالک کی تاجر برادری کو یہ موقع فراہم کرنا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ براہ راست ملاقات کر کے باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک باقاعدگی کے ساتھ ایک دوسرے کے ملک میں اس طرح کی کانفرسیں منعقد کرنے کی کوشش کریں ۔

تاکہ دونوں کے نجی شعبے ایک دوسرے کے ساتھ کاروباری شراکتیں قائم کرنے کے مواقع تلاش کر سکیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چیمبر کی طرف سے ترکی میں بزنس کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان اور ترکی کے درمیان پائیدار تجارتی و اقتصادی تعلقات کا ایک نیا باب شروع ہو گا۔ انہوں نے اس موقع پر ترکی کے سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کا دورہ کر کے سی پیک سمیت پاکستان کی معیشت کے دیگر شعبوں میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ شیخ عامر وحید نے اس موقع پر استنبول میں پاکستان کے قونصل جنرل بلال خان پاشا کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد میں چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی ایسی کوششوں میں تاجر برادری کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے۔ اس موقع پراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ا یسکن ترکی کے صدر حسن علی سیسر اور ترکی پاکستان بزنس کونسل کے صدر اتیلا ڈمیر یردلیکایا نے کہا کی اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے ترکی میں بزنس کانفرنس کا انعقاد ایک قابل ستائش اقدام ہے کیونکہ اس سے دونوں ممالک کی تاجر برادری کو ایک دوسرے کے ساتھ براہ راست ملاقات کرنے اور دلچسی کے شعبوں میں بزنس پارٹرنشپ قائم کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔ پاکستان کے قونصل جنرل بلال خان پاشا نے اپنے خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اور ان کی ٹیم کو ترکی میں بزنس کانفرنس منعقد کرنے پر ان کی کوششوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کے اس کانفرنس کے انعقاد سے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط تعلقات قائم ہوں گے۔ چیمبر کل استنبول میں آئی سی سی آئی اچییومنٹ ایوارڈ تقریب بھی منعقد کرے گا جس میں پاکستان کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کمپنیوں کو ایوارڈ دیئے جائیں گے۔

مزید : کامرس


loading...