سعودی عرب،خواتین ڈرائیونگ کی اجازت کے بعد بینکوں سے ذاتی قرضے لینے کی شرح میں اضافہ

سعودی عرب،خواتین ڈرائیونگ کی اجازت کے بعد بینکوں سے ذاتی قرضے لینے کی شرح ...

  



ریاض (اے پی پی) سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے مملکت میں خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت سے متعلق فرمان جاری ہونے کے بعد سعودی بینکوں سے ذاتی قرضہ لینے والوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق سعودی بینکوں کے ترجمان طلعت حافظ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ مذکورہ فیصلے کے بعد بینکوں نے خواتین کے لیے اپنی مالیاتی سہولیات کی تشہیر کے سلسلے میں خصوصی دلچسپی لی۔طلعت حافظ کے مطابق شاہی فرمان جاری ہونے کے بعد گاڑیاں حاصل کرنے کی شرح میں 10 فیصدکی نمو دیکھنے میں آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ ابھی تک محدود تعداد میں خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری ہوئے ہیں تاہم خواتین کی بہت بڑی تعداد نے اس سلسلے میں درخواست دی ہوئی ہے۔

حافظ کا کہنا تھا کہ آئندہ عرصے میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں اضافے کے ساتھ ہی خواتین کے گاڑیاں لینے کے تناسب میں بھی اضافہ سامنے آئے گا۔

مزید : کامرس