پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے نئی نسل جدید علوم حاصل کرے،پروفیسر عابد
لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان دوقومی نظریہ کی بنیاد پر لازوال قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا۔ پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کیلئے نئی نسل جدید علوم حاصل کرے۔ ان خیالات کااظہار ممتاز ماہرتعلیم اور ڈائریکٹر جنرل یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر عابد شیروانی نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول کے 18ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے ساتویں روز طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر معروف دانشور قیوم نظامی، سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید ، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان اور بیگم صفیہ اسحاق بھی موجود تھے۔نظریاتی سمر سکول کا ماٹو ’’پاکستان سے پیار کرو‘‘ ہے۔ نئی نسل ہی پاکستان کا مستقبل ہے، اور یہاں موجود بچوں کا اعتماد دیکھ کر مجھے یقین ہے کہ پاکستان کا مستقبل انتہائی روشن ہے۔ اکیسویں صدی جدید علوم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا ہے اور ہمیں جدید علوم حاصل کرنا چاہئے۔
آج انٹر نیٹ کے ذریعے انفارمیشن کا حصول بہت آسان ہو گیاہے۔قیوم نظامی نے کہا کہ دنیا میں منفرد اور بلند مقام حاصل کرنے کیلئے جہد مسلسل کو اپنا شعار بنائیں۔ قائداعظمؒ نے بھی ہمیں ’’کام ، کام اور کام‘‘ کا درس دیا ہے۔ قائداعظمؒ نے ہمیشہ سچ بولا اور وہ کبھی جھوٹ نہیں بولتے تھے۔ ان کے قول و فعل میں کوئی تضاد نہیں تھا۔نئی نسل قائداعظمؒ ودیگر مشاہیر تحریک آزادی کی حیات و خدمات کو مطالعہ کریں ۔ پروگرام کے آخر میں مختلف ہم نصابی سرگرمیوں میں جیتنے والے طلباوطالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔