سعودی عرب اور حوثی باغیوں کو مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے ،عبدالغفورراشد

سعودی عرب اور حوثی باغیوں کو مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) پاکستان یونائیٹڈ کونسل اور ناظم ذیلی تنظیمات مرکزی جمعیت اہل حدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کو بغاوت ، انتشار اور یلغار کا راستہ اختیار کرنے کی بجائے مذاکرات اور امن کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ امت مسلمہ کے لئے عالمی سطح پر نازک حالات ہیں۔ اس لئے تفریق اورتقسیم کی بجائے، مسلم ممالک، فرقوں اور گروہوں کو باہمی اتحاد کی فضا قائم کرنی چاہیے۔مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ عالمی سطح پر جتنی اسلام میں تفریق ہورہی ہے اور یہودی صیہونی سازشیں کی جارہی ہیں۔ ان حالات میں مسلمان فرقوں کو متحدہونا چاہیے۔ چھوٹے چھوٹے مسائل پر سطحی اور فرقہ وارانہ بنیادوں پر جنگیں مسلط کرنا اور مسلح اقدامات امت کے نہ صرف اجتماعی مفاد میں نہیں۔

بلکہ انسانیت کے لئے بھی نقصان دہ ہیں۔ انہوں نے زوردیا کہ سعودی عرب اور حوثی باغیوں کو مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔حوثی باغیوں نے یمنی حکومت کے خلاف اتنا طویل عرصہ تک باغیانہ اقدامات کئے ہیں ، مگر کچھ حاصل نہیں ہوا تو لگتا ہے کہ آئندہ بھی کچھ حاصل ہونے کی توقع نہیں ہے۔ اس لئے امن قائم کرنے کی ایک ہی صورت ہے کہ مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر مسائل کو حل کیا جائے۔تاکہ سچ اور جھوٹ کا پتہ چل جائے۔امت کے وسیع تر مفاد میں سب فرقوں کو متحد ہوبا چاہئے۔