ایل ڈی اے ون ونڈو سیل ، خواتین اور بزرگوں کیلئے علیحدہ کاؤنٹر قائم کرنے کا فیصلہ

ایل ڈی اے ون ونڈو سیل ، خواتین اور بزرگوں کیلئے علیحدہ کاؤنٹر قائم کرنے کا ...

  



لاہور( سٹی رپورٹر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ایل ڈی اے کے ون ونڈو سیل پرخواتین اور بزرگ شہریوں کے لئے علیحدہ کاؤنٹرقائم کئے جائیں ‘خصوصی افراد کو ضروری سہولتیں مہیا کی جائیں‘ شہریوں کی طرف سے جمع کروائی جانے والی درخواستیں فاسٹ ٹریک پر نپٹائی جائیں اورشہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں ان کی رائے معلوم کرنے کے لئے ان سے فیڈ بیک فارم پُر کروایا جائے۔ شہری ایل ڈی اے کے کسی بھی ڈائریکٹوریٹ کے بارے میں اپنی شکایات تحریری طور پرون ونڈو سیل پر رکھے گئے شکایات بکس میں ڈالیں ‘ ان کا فوری نوٹس لیا جائے گا۔ڈائریکٹر ون ونڈوخود بھی شہریوں کی شکایات سنیں اور اس مقصدکے لئے ہر ایک گھنٹے بعدباقاعدگی سے اعلان کیا جائے۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نے گزشتہ روز ون ونڈو سیل کا معائنہ کیا‘ وہ مختلف کاؤنٹرز پر گئیں اور وہاں آنے والے شہریوں سے ان کے مسائل معلوم کر کے ان کے فوری حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے ۔انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر ون ونڈو سیل کی کارکردگی کی باقاعدگی سے نگرانی کریں گی تا کہ پلاٹوں کی ٹرانسفر کے لئے این او سی کے اجرا ، نقشوں کی منظوری اور دیگر امور کے لئے آنے والوں کے جائز اور قانونی کاموں کی انجام دہی بروقت یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ عملے کی طرف سے تاخیری حربوں اور بدعنوانی کی شکایات دور کرنے کے ساتھ ساتھ غیر متعلقہ افراد کا عمل دخل بھی ختم کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ شہریوں کی درخواستوں پر مقررہ وقت کے اندر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ‘انہیں ان کی درخواستوں پر اعتراضات کے بارے میں ایک ہی بار آگاہ کردیا جائے اور بار بار چکر نہ لگوائے جائیں۔ون ونڈو پر آنے والے شہریوں کی سہولت کے لئے تمام ضروری انتظامات کئے جائیں‘ اضافی نشستیں لگائی جائیں۔معائنے کے دوران چیف ٹاؤن پلانر ندیم اختر زیدی ‘ڈائریکٹر ون ونڈو فہد انیس‘ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ علی نصرت‘ڈائریکٹر ڈی جی ہیڈ کوارٹرز کامران پرویزبھی ہمراہ تھے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...