شفاف انتخابات کے لئے میڈیا کو غیر جانبدار کردار ادا کرنا چاہیے : مارٹن کوبلر

شفاف انتخابات کے لئے میڈیا کو غیر جانبدار کردار ادا کرنا چاہیے : مارٹن کوبلر

  



لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)سکول آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز،یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کے زیراہتمام تین روزہ انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس کا آغازگزشتہ روز ہو ا۔یو سی پی کیمپس میں ہونے والی کانفرنس کا افتتاح پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرپرسن ڈاکٹر نظام الدین نے کیا جبکہ کانفرنس میں جرمن سفیر مارٹن کوبلر ،پروریکٹر یوسی پی ڈاکٹر ظفراللہ، نیپالی پرفیسر منجو مشرا ، نارویجن سکالر ڈاکٹر الزبتھ ایڈی اورچین کی کمیونیکیشن یونیورسٹی کے ڈین چنگ ہو کے نمایندے نے بھی شرکت کی ۔ تین روزہ کانفرنس کے پہلے روز تحقیقی مضامین ،دوسرے روز ڈاکومنٹریز اور آخری روز راؤ نڈ ٹیبل میڈیا کانفرنس ہوگی۔ ڈین میڈیا سکول ڈاکٹر مغیث الدین نے کانفرنس میں چین ، نیپال ، ناروے اور امریکا سے آے سکالرز اور مہمانوں کوخوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس ملکی و بین الاقوامی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرے گی۔ کانفرنس میں بڑی تعداد میں سینئر صحافی اور میڈیا پرسنزنے بھی شرکت کی۔ پروریکٹر یوسی پی ڈاکٹر محمد ظفراللہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان میں میڈیا کا کردار اہم حیثیت اختیار کر چکا ہے ۔ چیئرمین ہائیرایجوکیشن کمیشن پنجاب ڈاکٹر نظام الدین نے کانفرنس کے انعقاد پر ڈین میڈیا سکول ڈاکٹر مغیث الدین شیخ کو مبارکباد پیش کی۔ انکا کہنا تھا کہ معیاری تحقیق کے بغیر تعلیم کا معیار بہتر نہیں بنایا جاسکتا۔ انہوں نے مزید کہا پاکستان میں میڈیا اینڈ کمیونیکیشن یونیورسٹی کے قیام اور تعلیمی معیار بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ گیسٹ آف آنر جرمن سفیر مارٹن کوبلرنے کہا کہ غیر جانبدار میڈیا اور معیاری رپورٹنگ انتخابات کے عمل کو شفاف بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ جرمن سفیرکا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے کرنٹ موضوعات کا انتخاب کرنا ہو گا اوراس کے ساتھ ساتھ میڈیا میں بااختیارخواتین کا کردار بڑھانے کی بھی ضرورت ہے ۔ نیپالی سکالر ڈاکٹر منجو مشرا ، نارویجن سکالر الزبتھ ایڈی اور کمیونیکیشن یونیورسٹی چین کے نمائندے نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔ افتتاحی سیشن کے اختتام پر ڈین میڈیا سکول اور پروریکٹر یوسی پی نے مہمانوں کو شیلڈز او ر سووینیر پیش کیے۔ کانفرنس کے پہلے روز گیارہ سیشنز ہوئے جن میں میڈیا کے ضابطہ اخلاق، جمہوریت، پولیٹیکل اکانومی،پبلک ریلیشنزاور ایڈور ٹائزنگ ، مارکیٹنگ اینڈ کنزیومر بیہیویئر،ماحولیاتی کمیونیکیشن ، ڈیجیٹل میڈیا،کریکولم ڈیویلپمنٹ اینڈ ٹریننگ کے موضوعات پرسکالرز نے اپنے ریسرچ پیپرز پیش کیے۔ تین روزہ انٹرنیشنل کانفرنس 30 جون تک جاری رہے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1