پولیس نے 7سالہ بچی کے اغوا ء کار محسن کو گرفتار کر لیا ، تہرے قتل کا ملزم رانا عباس اور اشتہاری مجرم کاشف عرف لبھا بھی گرفتار

پولیس نے 7سالہ بچی کے اغوا ء کار محسن کو گرفتار کر لیا ، تہرے قتل کا ملزم رانا ...

  



لاہور(کرائم رپورٹر)انویسٹی گیشن پولیس کاہنہ نے 7سالہ فلک فاطمہ کے اغواء برائے تاوان کے ملزم محمد محسن بشیرکو گرفتار کر کے وقوعہ میں استعمال ہونیوالا موبائل فون برآمد کر نے کے علاوہ تھانہ غالب مارکیٹ میں ہومی سائیڈ انچارج سب انسپکٹر منیراحمد نے ٹرپل مرڈر کے ملزم رانا محمد عباس کو گرفتار کر لیا جبکہ انویسٹی گیشن پولیس گلبرگ نے قتل ،اغوا، ڈکیتی اور راہزنی جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک اشتہاری مجرم کاشف عرف لبھا جس کی گرفتاری پر 5لاکھ روپے انعام مقرر تھاکوقصور سے گرفتار کر لیا۔ یہ تفصیل ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید خرم علی شاہ نے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کو قلعہ گجر سنگھ انویسٹی گیشن ہیڈ کوارٹرمیں بتائی،اس موقعہ پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن اویس احمدبھی موجود تھے۔انہوں نے بتایا کہ ایس پی آپریشن ماڈ ل ٹاؤن علی وسیم کی سربراہی میں انچارج انویسٹی گیشن کاہنہ سب انسپکٹر سلیم شوکت اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل سپیشل پولیس ٹیم نے 7سالہ بچی فلک فاطمہ کے اغواء برائے تاوان میں ملوث ملزم محمد محسن بشیر کوعلاقہ تھانہ داتا دربار سے5لاکھ روپے تاوان وصول کرتے ہوئے گرفتار کیا اورملزم کی نشاندہی پر مغویہ اوروقوعہ میں استعمال ہونے والا موبائل فون بھی برآمدکر لیا۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ ہومی سائیڈ یونٹ گلبرگ کے انچارج منیراحمد نے ٹرپل مرڈر کے ملزم رانا محمد عباس کو گرفتار کر لیاہے۔ ملزم رانا محمد عباس مقتولہ نیلم ندیم کا بہنوئی بھی ہے، 2014میں دونوں کے تعلقات قائم ہو گئے اس نے مقتولہ نیلم کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا ،مقتولہ نے ملزم کی بیٹی پر بدکرداری کا الزام لگایا جس پر ملزم محمد عباس نے طیش میں آ کر اپنے دوست کے ساتھ مل کر نیلم کا گلہ دبا دیاجبکہ اس کے شوہر ندیم بٹ اوربیٹے فائق ندیم کے سر میں ہتھوڑے کے وار کر کے ہلاک کر دیااور فرار ہو گئے ۔ایس پی انویسٹی گیشن نے مزید بتایا کہ انویسٹی گیشن پولیس گلبرگ نے قتل، اغوا، ڈکیتی اور راہزنی جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک اشتہاری مجرم کاشف عرف کاشی عرف لبھا کو جس کی گرفتاری پر5لاکھ روپے انعام مقرر تھا قصور سے گرفتارکیا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ مجرم نواں کوٹ، مسلم ٹاؤن، وحدت کالونی اور کاہنہ سمیت شہر کے مختلف تھانوں میں قتل، اغوا، ڈکیتی اور راہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید خرم علی شاہ نے اچھی کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کیلئے انعامات کاا علان کیا۔

مزید : علاقائی


loading...