شفاف انتخابات اور امن وامان برقرار رکھنے کیلئے ایلیٹ پولیس کی تعیناتی کا فیصلہ

شفاف انتخابات اور امن وامان برقرار رکھنے کیلئے ایلیٹ پولیس کی تعیناتی کا ...

  



لاہور(کرائم رپورٹر):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ فورس کی پری الیکشن ٹریننگ میں کسی قسم کی کوتاہی یا کمی قطعاً قابل قبول نہیں ،انتخابات سے قبل تھانوں کی سطح تک ایلیٹ فورس کے تین، پانچ اور سات روز تک کے مختصردورا نئے کے مختلف ریفریشر اورشارٹ کورسزفی الفور شروع کروائے جائیں ۔آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ پولیس فورس شاہد حنیف کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تمام ریجنز اور ڈسٹرکٹ میں ایلیٹ فورس کے پری الیکشن ٹریننگ کورسز اپنی نگرانی میں مکمل کروائیں ۔ پنجاب میں شفاف انتخابات کو یقینی بنانے اور دورانِ پولنگ صوبے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے ایلیٹ پولیس فورس کے کمانڈوز سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا اور حساس پولنگ اسٹیشنز کی سیکیورٹی کے لئے خاص طور پر ایلیٹ پولیس کے جوانوں کو تعینات کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل پولیس آفس میں ایلیٹ فورس کے سینئر افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ شاہد حنیف ، ڈی آئی جی ایلیٹ افضل محمود بٹ سمیت دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے ۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ انتخابات سے قبل ایلیٹ فورس کی پروفیشنل صلاحیتوں میں مزید اضافے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور تمام اضلاع بالخصوص حساس پولنگ اسٹیشنزوالے علاقوں میں افسران و اہلکار زیادہ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض ادا کریں اوراگر کوئی بھی شخص یا سیاسی پارٹی انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے، امن و امان کو سبوتاژ کرکے خوف و ہراس پھیلانے یا قانون شکنی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرے تو اس کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے سینٹرل پولیس آفس لاہور میں آئی جی ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن خان کے ساتھ بھی ملاقات کی ۔دونوں سربراہان نے پیشہ ورانہ تعاون بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پر پولیس سربراہان نے دونوں محکموں میں انفارمیشن شئیرنگ کو بہتر سے بہتر بنانے پر اتفاق رائے کیا۔ آئی جی پنجاب کا کہناتھا کہ جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کی نقل و حرکت کو روکنے کیلئے پنجاب پولیس اور ریلوے پولیس مل کر مزید موثر انداز میں کاروائیاں کریں ۔ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب نے آئی جی ریلوے کو پنجاب پولیس کی جانب سے یادگاری سووینئر پیش کیا ۔

مزید : علاقائی