سیاسی وفود کی صوبائی الیکشن کمشنر سے ملاقات ، پوسٹرز، بینرز ہٹانے پر تحفظات کا اظہار

سیاسی وفود کی صوبائی الیکشن کمشنر سے ملاقات ، پوسٹرز، بینرز ہٹانے پر تحفظات ...

  



کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی ،جماعت اسلامی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) اور دیگر سیاسی جماعتوں کے وفود نے مشترکہ طور پر جمعرات کو صوبائی الیکشن کمشنر یوسف خان خٹک سے ملاقات کی ہے ۔سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے صوبائی الیکشن کمشنر کو کراچی میں پوسٹرز اور بینرز ہٹانے سے متعلق اپنے تحفظات سے آگا ہ کیا ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یوسف خان خٹک نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا وفد پوسٹرز بینرز ہٹائے جانے سے متعلق بات کرنے کا آیا تھا ۔الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے ساتھ ضابطہ اخلاق طے کیا تھا۔ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنر نے ضابطہ اخلاق کے خلاف پوسٹرز اور بینرز کو ہٹانے کا آپریشن کیا ہے ۔سیاسی جماعتوں کے وفود کی درخواست کو اسلام آباد بھیج دینگے ۔انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے لیے مخصوص سائز کے بینرز و پوسٹرز لگانے کی اجازت ہے ۔الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد ہر حال میں کروائینگے۔پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے مختلف سیاسی جماعتوں کے بینرز شہر اتارے جارہے ہیں،اس سے تمام سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم متاثر ہو رہی ہے ۔الیکشن کمیشن کو تجویز دی ہے کہ اس مسئلہ کے لیے ایک فوکل پرسن اور فیس طے کر لی جائے۔جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہر قائد میں بہت لمبے عرصے تک حبس کا عالم رہا ہے ۔اب کچھ ایسے حالات پیدا ہوئے ہیں کہ شہر میں صاف و شفاف الیکشن ہونگے ۔الیکشن کمیشن اس عمل سے کس کی مدد کررہا ہے ؟ مسلم لیگ (ن)سندھ کے سیکرٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کرنا چاہتے ۔آئین پاکستان تمام سیاسی جماعتوں کو حق دیتا ہے کہ وہ آزادی سے انتخابی مہم چلائیں ۔

مزید : علاقائی


loading...