یورپی یونین الیکشن آبزرویشن کی موجودگی شفاف انتخابی عمل کا باعث بنے گی : مائیکل گیلر

یورپی یونین الیکشن آبزرویشن کی موجودگی شفاف انتخابی عمل کا باعث بنے گی : ...

  



اسلام آباد ( آن لائن ) یورپی یونین الیکشن آبزرویشن مشن کے چیف آبزرور مائیکل گیلرنے کہا ہے کہ25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات پاکستان میں جمہوریت کی ترقی کیلئے ایک اہم مرحلہ کی حیثیت رکھتا ہے اور مجھے قوی امید ہے کہ ہماری یہاں موجودگی شفاف انتخابی عمل کا باعث بنے گی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مائیکل گیلر نے کہا کہ یورپی یونین کے الیکشن آبزرویشن مشن کا مینڈیٹ انتخابی عمل کے تمام پہلو وں کا مشاہدہ کرنا اور اس بات کا جائزہ لینا ہے کہ انتخابات کس حد تک پاکستانی قوانین کے مطابق منعقد ہو رہے ہیں اور یہ کہ پاکستان جمہوری انتخابات کیلئے بین الاقوامی اور علاقائی یقین دہانی کی کس حد پاسداری کر رہا جن پر اس نے دستخط کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل المیعاد مبصرین اپنے زیر مشاہدہ علاقوں سے انتخابی عملے، امید واروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقات کرکے اپنے مشاہدات اسلام آباد میں مرکزی ٹیم کو بھیجیں گے جس سے مشن کو انتخابی عمل کا باخبر اور غیر جانبدارانہ تجزیہ کرنے میں مدد ملے گی۔یورپین یونین کی جانب سے الیکشن آبزرویشن مشن کی تعیناتی کا پاکستان الیکشن کمیشن نے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین کے مبصرین انتخابات کی نگرانی کے عالمی قواعد پر سختی سے عمل کریں گے جن کا مقصد کام کے دوران غیرجانبداری اور غیر وابستگی کو سختی سے برقرار رکھنا اور انتخابی عمل میں مداخلت سے گریز کرنا ہے۔پولنگ ختم ہونے پر مشن ابتدائی بیان جاری کرے گا،مشن پاکستان میں ستمبر تک موجودرہے گا جبکہ مستقبل کے انتخابی عمل کے بارے میں سفارشات سمیت جامع حتمی رپورٹ دو ماہ کے بعد شائع کی جائے گی۔دریں اثناء یورپی یونین کے چیف مبصر مائیکل گیلر نے نگران وزیر داخلہ اعظم خان سے ملاقات کی۔جس میں دونوں رہنماؤں نے عام انتخابات کیلئے سیکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔نگران وزیر داخلہ اعظم خان نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں جبکہ الیکشن کے دوران بین الاقوامی مبصر ین کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ملاقات کے موقع پر یورپی یونین کے چیف مبصر مائیکل گیلر نے الیکشن کے انعقاد سے متعلق حکومتی اقدامات کو سراہا۔

مزید : صفحہ اول


loading...