عوام 25جولائی کو کرپٹ حکمرانوں کا یوم احتساب بنادیں،سراج الحق

عوام 25جولائی کو کرپٹ حکمرانوں کا یوم احتساب بنادیں،سراج الحق

  



کراچی( مانیٹر نگ ڈیسک)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر و نائب صدر مجلس عمل پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام 25جولائی کو کرپٹ حکمرانوں کا یوم احتساب بنادیں اور مجلس عمل کو کامیاب بنائیں، کرپٹ حکمرانوں اور ملک کو لوٹنے والوں کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ہونی چاہئیں، ہم کرپٹ عناصر اور طبقہ اشرافیہ سے ملک اور قوم کو نجات دلائیں گے ،25جولائی کا دن انقلاب ، احتساب اور کرپٹ حکمرانوں سے حساب کتاب کا دن ہے ،منبر ومحراب سے کرپشن کے خلاف جہاد کرنا ہوگا،کراچی ملک کی معاشی اور نظریاتی شہہ رگ ہے ، اس شہر کے اندر وہ لوگ آباد ہیں جنہوں نے اسلام کی خاطر بننے والے ملک کے لیے اپنا گھر بار اور علاقہ چھوڑ کر ہجرت کی،آج علماء کرام متحد اور ایک ہیں اور باطل قوتیں اور عالم کفر علماء کے اتحاد سے خوف زدہ ہے ،علماء کی طاقت نے ہی ملک اور قوم کو بھی ایک اور متحد رکھا ہے ،عوام علماء کرام کے ساتھ ہیں ،عوام اور علماء کی قوت سے ملک کو سیکولر اور لبرل بنانے والوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکیم سعید شہید گراؤ نڈ گلشن اقبال میں عظیم الشان ’’اتحاد امت علماء کنونشن ‘‘ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کراچی عالم اسلام اور پاکستان کا قائد شہر ہے ، اس شہر نے شاہ احمد نورانی ، پروفیسر غفور احمد ، حکیم سعید سمیت ایسی شخصیات دیں ہیں جن پر پورا ملک اور قوم فخر کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ روس جب افغانستان میں داخل ہوا تو لبرل اور سیکولر قوتوں نے روس کے ٹینکوں کو خوش آمدید کیا لیکن افغانستان کی قوتوں نے ان کا راستہ روکا اور اس کو شکست دی بعدمیں سب کہنے لگے کہ امریکا نے روس کو شکست دی حقیقت میں روس کو شکست دینی قوتوں نے دی ہے۔جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ و مجلس عمل کے مرکزی نائب صدر شاہ اویس نورانی نے کہاکہ پاکستان کو اس کے نظریے اور اس کے مقصد سے دور کرنے کی سازش کی گئی اور حکمرانوں نے ملک کو تباہ و برباد کردیا۔ رشوت ، کرپشن اور اقربا پروری عام کیا گیا اور عوام کو بنیادی ضروریات تک سے محروم کردیا گیا ، مجلس عمل کی اہل اور دیانت دار قیادت عوام کو بنیادی مسائل سے نجات دلائے گی،کرپٹ حکمرانوں سے قومی دولت وصول کرے گی اور ان کا کڑا احتسا ب کرے گی، ملک میں کرپشن سے پاک نظام لائے گی۔جمعیت اہلحدیث بلوچستان کے رہنما و مجلس عمل کے مرکزی قائد شیخ علی محمد ابو تراب نے کہاکہ 25جولائی کا دن علمائے کرام کی جدوجہد کی کامیابی اور عوام کی خوشحالی کا دن ہوگا ، عوام مجلس عمل کو کامیاب بنائیں گے اور مجلس عمل عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی ملک کو کرپشن اور مسائل سے نجات دلائے گی۔مجلس عمل کے مرکزی رہنما و نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو نے کہاکہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار نعمتیں دیں ہیں جو دیگر ممالک کے پاس نہیں لیکن حکمرانوں کی نا اہلی اور کرپشن نے ملک کو تباہ و برباد کردیا۔

مزید : صفحہ آخر


loading...