معاشی ترقی میں نجی شعبہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے : گورنر سندھ

معاشی ترقی میں نجی شعبہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے : گورنر سندھ

  



کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ معیشت کے ہر شعبہ کی ترقی میں نجی شعبہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے اور گذشتہ حکومت کی معیشت دوست پالیسیوں کے باعث ملک کی معاشی حالت 2013کے مقابلہ میں کہیں مضبوط ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک کی سب سے بڑی ریٹیل چین امتیاز سپر مارکیٹ کی ڈیفنس فیز ون برانچ کے دورے کے موقع پر کیا۔ امتیاز سپر مارکیٹ کے چیئرمین امتیاز حسین عباسی، چیف ایگزیکٹیوآفیسر کاشف حسین عباسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر سندھ نے اسٹور کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور وہاں موجود اشیاء کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اسٹور میں موجود کسٹمرز سے امتیاز سپر مارکیٹ میں شاپنگ کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ امیتاز سپر مارکیٹ کی کامیابی میں ضروریات زندگی کا ایک چھت تلے اور مناسب قیمتوں پر مکمل معیار کے ساتھ دستیابی کا سب سے بڑا ہاتھ ہے، انہوں نے کہا کہ امتیاز سپر مارکیٹ کے کسٹمرز کی مسلسل خریداری اس پر ان کے اعتماد کا بھرپور اظہار ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ 2013میں امن و امان کی خراب صورتحال معاشی ترقی و خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ تھی جس میں توانائی بحران کابھی اہم کردار تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ وفاقی حکومت کی مخلصانہ کاوشوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل محنت کے باعث کراچی میں امن امان بحال ہوچکا ہے اور شہر قائد پرانی روشنیوں کی جانب واپس لوٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں سرمایہ کاری کے لئے نہایت سازگار ماحول میسر ہے جس سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار بھرپور فائدہ اٹھارہے ہیں ۔ گورنر سندھ نے امتیاز سپر مارکیٹ جیسے اداروں کی معیشت میں اہمیت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سپر مارکیٹس کے باعث نہ صرف عوام کو اشیائے ضروریہ ایک چھت تلے مناسب نرخوں پر دستیاب ہورہی ہیں بلکہ ہزاروں بے روزگاروں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہورہے ہیں ۔ انہو ں نے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ میں بھرپور کردار ادا کرنے پر امتیاز سپر مارکیٹ کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی اپنے اسٹور ز جلد کھولیں گے تاکہ عوام کو معیاری اشیائے ضروریات باآسانی ایک چھت تلے دستیاب ہوسکیں ۔ امتیاز سپر مارکیٹ کے چیئرمین امتیاز حسین عباسی نے گورنر سندھ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت کراچی میں امتیاز سپر مارکیٹ کی 7 برانچیں کام کررہی ہیں اس کے علاوہ فیصل آباد ، گوجرانوالہ میں بھی امتیاز سپر مارکیٹ موجود ہیں جبکہ جلد ہی لاہور اور اسلام آباد میں بھی اس کی برانچیں کھول دی جائیں گی ۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے وہاں موجود میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امتیاز سپر اسٹور پاکستان کی معاشی تاریخ کا ایک کامیاب باب ہے۔ اور میڈیا کو اس کامیابی کو زیادہ سے زیادہ مشتہر کرنا چاہئیے تاکہ دوسرے سرمایہ کار بھی اس شعبہ کی جانب آئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے انتخابات پاکستان کے مستقبل خصوصاً معاشی ترقی و خوشحالی میں نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کسی مخصوص سیاسی پارٹی کی حمایت کے تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دروازے ہر سیاسی جماعت کے لئے کھلے ہوئے ہیں اور انہوں نے کبھی کسی سے ملاقات سے انکار نہیں کیا۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...