کراچی ،رینجرز کی کارروائی،گینگ وار کا کارندہ اسداللہ گرفتار
کراچی (کرائم رپورٹر) پاکستان رینجرز (سندھ) نے ہوم ڈیپارٹمنٹ سندھ سے موصول شدہ گمشدہ افراد کی فہرست کی روشنی میں مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے ملیر کے علاقے سے لیاری گینگ وار کے ایک ملزم اسداللہ کو گرفتار کیا۔ ملزم نے دوران تفتیش یہ انکشاف کیاکہ30 مئی 2016 کو رات تقریبا2100بجے ملزم اسد اللہ نے نویں جماعت کے طالبعلم یسین عرف منا کو ملیر کے علاقے امام بخش مارکیٹ سے اغوا کیا اور اسے درسانو چنہ علی حمل گوٹھ لیاری گینگ وار کے کارندوں کے حوالے کیا جنہوں نے اسی رات یسین عرف منا کو بدترین تشدد کے بعد پھندا ڈال کر قتل کر دیا۔ملزم کی نشاندہی پر لیاری گینگ وار کے دو اور کارندوں علی نواز اور لعل محمد عرف لالو کو بھی گرفتار کیا گیا جنہوں نے یسین عرف منا کے قتل کا اعتراف کر تے ہوئے انکشاف کیا کہ مقتول یسین عرف منا کی لاش کو قریب ہی زمین میں دفن کر دیا گیا تھا۔ *ملزمان کی نشاندہی پر رینجرز اور پولیس کی مشترکہ تفتیشی ٹیم نے کھدائی کے بعد مقتول کی لاش کو درسانو چنہ علی حمل گوٹھ سے بر آمد کرلیاگیا ۔برآمد شدہ لاش کو ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے بھجوایاگیا جس کی رپورٹ سے یہ ثابت ہوا ہے کہ برآمد شدہ لاش مقتول یسین عرف منا کی ہی ہے*۔۔ *مقتول کے والدین نے یسین کی گمشدگی کا کیس سندھ ہوئی کورٹ میں دائر کیا ہوا تھا جسے بعدازاں شواہد کی روشنی میں عدالت نے خارج کر دیا ہے* جبکہ گرفتار شدہ ملزمان سے کی جانے والی تفتیش سے یہ واضح ہواہے کہ یسین کو ملزمان نے 2016 میں ہی قتل کر دیا تھا۔ *گرفتار شدہ تینوں ملزمان بدنام زمانہ لیاری گینگ وار کے غفور چھوٹو (ہلاک)اور سجاد گولو(مفرور)کے قریبی ساتھی ہیں ۔جنہیں قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کیا جا چکا ہے۔