کراچی ، مختلف سیاسی جماعتوں کے وفودکی صوبائی الیکشن کمشنر سے ملاقات

کراچی ، مختلف سیاسی جماعتوں کے وفودکی صوبائی الیکشن کمشنر سے ملاقات

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی ،جماعت اسلامی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) اور دیگر سیاسی جماعتوں کے وفود نے مشترکہ طور پر جمعرات کو صوبائی الیکشن کمشنر یوسف خان خٹک سے ملاقات کی ہے ۔سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے صوبائی الیکشن کمشنر کو کراچی میں پوسٹرز اور بینرز ہٹانے سے متعلق اپنے تحفظات سے آگا ہ کیا ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یوسف خان خٹک نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا وفد پوسٹرز بینرز ہٹائے جانے سے متعلق بات کرنے کا آیا تھا ۔الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے ساتھ ضابطہ اخلاق طے کیا تھا۔ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنر نے ضابطہ اخلاق کے خلاف پوسٹرز اور بینرز کو ہٹانے کا آپریشن کیا ہے ۔سیاسی جماعتوں کے وفود کی درخواست کو اسلام آباد بھیج دینگے ۔انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے لیے مخصوص سائز کے بینرز و پوسٹرز لگانے کی اجازت ہے ۔الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد ہر حال میں کروائینگے۔ہرضلع کے پولنگ اسٹیشن کی لسٹ تیار کر لی گئی ہے ۔حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن کی لسٹ دو دن میں آجائے گی ۔ہر ضلع میں پرازائیڈنگ افسر کی ٹریننگ دی جارہی ہے۔30 جون کو امیدوارں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہم قانون پر چلتے ہیں اور قانون کے مطابق فیصلے کرتے ہیں ۔پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے مختلف سیاسی جماعتوں کے بینرز شہر اتارے جارہے ہیں۔گزشتہ روز تمام جماعتوں کے ساتھ اجلاس ہوا۔ایم کیو ایم کے فیصل سبزواری سے فون پر مکالمہ ہوا،تمام سیاسی جماعتوں نے اس موقف پر اتفاق کیا کہ تمام جماعتوں کے وفود الیکشن کمشنر سے ملاقات کریں،الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق پوسٹرز اور بینرز اجازت کے ساتھ لگائے جاسکتے ہِیں۔انہوں نے کہا کہ بینرز ہٹانے کے آپریشن سے تمام سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم متاثر ہو رہی ہے ۔الیکشن کمیشن کو تجویز دی ہے کہ اس مسئلہ کے لیے ایک فوکل پرسن اور فیس طے کر لی جائے۔جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہر قائد میں بہت لمبے عرصے تک حبس کا عالم رہا ہے ۔اب کچھ ایسے حالات پیدا ہوئے ہیں کہ شہر میں صاف و شفاف الیکشن ہونگے ۔الیکشن کمیشن اس عمل سے کس کی مدد کررہا ہے ؟ یہ ہمارا اور شہریوں کا حق ہے کہ ان تک سیاسی جماعتوں کا منشور و پیغام پہنچایا جائے۔مسلم لیگ (ن)سندھ کے سیکرٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کرنا چاہتے ۔الیکشن کمیشن کا ضابطہ اخلاق آئین پاکستان کے تحت ہے ۔آئین پاکستان تمام سیاسی جماعتوں کو حق دیتا ہے کہ وہ آزادی سے انتخابی مہم چلائیں ۔

Ba

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...