پشاور میں تیسری سہ ماہی سپرنٹنڈنٹس جیلز کانفرنس کا انعقاد

پشاور میں تیسری سہ ماہی سپرنٹنڈنٹس جیلز کانفرنس کا انعقاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)تیسری سہہ ماہی سپرنٹنڈنٹس جیلز کانفرنس محکمہ داخلہ وقبائلی امور خیبرپختونخوا کے کانفرنس روم میں جمعرات کے روزیہاں منعقد ہوئی جس کی صدارت شاہداللہ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات خیبرپختونخوا نے کی۔ اس کانفرنس میں خالد عباس ایڈیشنل انسپکٹرجنرل جیل خانہ جات ،مسعودالرحمن سپرنٹنڈنٹ جیل پشاور اورمحمد عارف خان ڈپٹی ڈائریکٹر جیل خانہ جات کے علاوہ صوبے کی تمام جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس نے بھی شرکت کی۔کانفرنس کے دوران جیلوں کودرپیش مسائل اوردیگر مختلف امورزیر بحث آئے۔ کانفرنس میں دوسری سہ ماہی سپرنٹنڈنٹس جیلز کانفرنس کے حوالے سے فیصلوں پرعمل درآمد کے سلسلے میں تمام سپرنٹنڈنٹس جیلز نے بریفنگ دی اور اس سلسلے میں تمام سپرنٹنڈنٹس جیلز کی جانب سے فیصلوں پرکارروائی کو تسلی بخش قراردیا گیاجبکہ اس کو مزید بہتر بنانے کی بھی تاکید کی گئی۔اس موقع پر شاہداللہ انسپکٹرجنرل جیل خانہ جات خیبرپختونخوا نے جیلوں میں موجود تمام قیدیوں اورسٹاف کی حالت کو مزید بہتر بنانے کے لئے اور ان کو تمام سہولیات فراہم کرنے کے بارے میں تمام سپرنٹنڈنٹس کو مختلف ہدایات جاری کیں۔ جن میں جیلوں میں موجود ہسپتالوں کو بہتر بنانے اور ان میں میڈیکل آلات کی فراہمی، میڈیکل لیبارٹری کا قیام اورقیدیوں کوعصری اوردینی علوم فراہم کرنے کے سلسلے میں اقدامات اٹھانے ،سنٹرل جیل بنوں اورہری پور میں ووکیشنل ٹریننگ سنٹرزمیں مزید ٹریڈز شامل کرنے سلسلے میں سپرنٹنڈنٹس جیل بنوں اورہری پور کوجاری کردہ ہدایات جاری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سنٹرل جیل پشاور اورمردان میں قیدیوں کو ہنر سکھانے کے لئے پرائیویٹ سیکٹر سے بھی مددلینے کے لئے تفصیلی رپورٹ تیارکرنے کے لئے مسعودالرحمن کو احکامات جاری کئے گئے جبکہ انسپکٹرجنرل جیل خانہ جات نے جیلوں میں موجودہ قیدیوں کو کھیل کود اورجسمانی نشونما کی سہولیات فراہم کرنے کے غرض سے ضروری احکامات بھی جاری کئے تاکہ وہ جیل سے رہا ہونے کے بعد معاشرے کے فعال اورمفید فرد بن سکیں۔اس کے علاوہ جیلوں سے بدعنوانی کے خاتمے کے سلسلے میں سپرنٹنڈنٹس جیلوں کو ضروری اقدامات اٹھانے اوربدعنوان سرکاری اہلکاروں کے خلاف کارروائی بغیر کسی دباؤ اور بلاامتیاز کرنے کی بھی ہدایت کی جبکہ قیدیوں کی سز امیں معافی کی سلسلے میں سپرنٹنڈنٹس جیلز کو ہدایات جاری کی گئیں کہ سزا میں نرمی کی کیسز کوبروقت بھیجا کریں اور ساتھ ہی قیدی کی کارکردگی کے بارے میں بھی جیل رولز کے مطابق سفارش تحریر کریں۔ انہوں نے سپرنٹنڈنٹس جیلز کو مزید تاکید کہ جیل رولز کے مطابق اہلکاروں کے ڈیوٹیاں بالترتیب اوربروقت تبدیل کیاکریں تاکہ کرپشن کے امکانات کو روکا جاسکے۔ علاوہ ازیں سپرنٹنڈنٹس جیلز کو یہ بھی تاکید کی گئی کہ موجودہ نئے جیل رولز کو زیر غورلاکر اس میں مزید بہتری کے غرض سے ضروری تجاویز ارسال کریں تاکہ ان کی روشنی میں مجوزہ رولز میں ترامیم لائی جاسکیں۔ انہوں نے آنے والے جنرل الیکشن کے لئے بھی تمام سپرنٹنڈنٹس جیلزکو ہدایات جاری کیں کہ تمام قیدیوں کو بروقت پوسٹل بیلٹ پیپر مہیا کئے جائیں تاکہ کوئی بھی قیدی ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم نہ رہ جائے۔آخر میں شاہداللہ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات خیبرپختونخوا نے تمام سپرنٹنڈنٹ جیلز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ جدید تقاضوں کے مطابق جیلوں کوبہتر بنانے کی غرض سے مزید تجاویز دیں تاکہ جیلوں میں موجود قیدیوں اوراہلکارو ں کی اصلاح ،فلاح وبہبود میں موثر کردار اداکرسکیں جبکہ جیلوں کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔