چارسدہ میں پوری گاؤں کے مکینوں نے انتخابات سے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا

چارسدہ میں پوری گاؤں کے مکینوں نے انتخابات سے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چارسدہ (بیورو رپورٹ) چارسدہ میں پوری گاؤں کے مکینوں نے انتخابات سے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ۔ نجیم آباد کا کوئی بھی رہائشی سوئی ، گیس ، سڑکوں اور دیگر بنیادی مسائل کے حل ہونے تک کسی امیدوار کو ووٹ نہیں دینگے ۔علاقے میں بینرز آویزاں کرکے سیاسی جماعتوں اور امید واروں کو ووٹ کیلئے علاقے نہ آنے کی استدعا ۔ عوامی جرگہ میں فیصلہ ۔ تفصیلات کے مطابق نجیم آباد کے ہزاروں مکینوں کا گرینڈ جرگہ نجیم آباد چوک میں منعقد ہوا۔ جرگہ میں عمائدین علاقہ ملک اشفاق حسین ، عابد زرین ، اویس آفریدی ، فاران خلیل اور دیگر نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ نجیم آباد کے ہزاروں مکین گو نا گوں مسائل و مشکلات کا شکار ہیں۔ سیاسی پارٹیاں انتخابات کے دنوں میں اہل علاقہ سے مسائل حل کرنے کے وعدے اور دعوے کر کے ووٹ لیتے مگر انتخابات کے بعد منتخب نمائندے علاقے کے مسائل اورعلاقے کے عوام کے ساتھ کئے گئے تمام وعدے بھول کر علاقے کا رخ تک نہیں کر تے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی سیاسی پارٹیوں نے نجیم آباد کو گیس ، سڑکوں کی تعمیر اور دیگر بنیادی مسائل حل کرنے کے وعدے کئے تھے مگر کسی سیاسی پارٹی نے ہمارے مسائل پر کوئی توجہ نہ دی ۔ عوامی جرگہ میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 25جولائی کو منعقد ہونے والے انتخابات سے مکمل بائیکاٹ کیا جائیگااور جو بھی امید وار یا سیاسی پارٹی انتخابات سے پہلے نجیم آباد کو گیس کی سپلائی ، بجلی کے ٹرانسفارمر اور سڑکیں تعمیر کرینگے اسی پارٹی کو ووٹ دیا جائیگا۔ جرگہ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے نجیم آباد کا کوئی مکین کسی امید وار کو ووٹ مانگنے اور جلسے جلوس کیلئے کسی قسم کا تعاون نہیں کرینگے ۔ جرگہ میں سیاسی پارٹیوں اور امید واروں پر واضح کیا گیا کہ ووٹ مانگنے کیلئے نجیم آباد تشریف لانے کی کو شش نہ کریں جبکہ علاقے میں بینرز آویزاں کرکے سیاسی جماعتوں اور امید واروں کو ووٹ کیلئے علاقے نہ آنے کی استدعا بھی کی گئی ۔ جرگہ نے باہمی مشاورت سے مسائل کے حل کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جو علاقے کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر پلیٹ فارم پر جدو جہد کریگی ۔