ڈی ایچ کیو چکوال،115بیڈ تعمیر کیے جارہے ہیں،ڈاکٹر اسلم

ڈی ایچ کیو چکوال،115بیڈ تعمیر کیے جارہے ہیں،ڈاکٹر اسلم

  



چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ ہیڈ کورٹر ہسپتال چکوال کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر اسلم اسد نے جمعرات کے روز بتایا کہ اس وقت ہسپتال میں صرف90بیڈ فنکشنل ہیں جبکہ مجموعی طور پرباقی115 بیڈ کی تعمیر فیصلہ کن مرحلے میں ہے اور تیس جولائی کو ٹھیکیدار نے اس کی عمارت ہسپتال کے حوالے کرنی ہے، ہسپتال میں اس وقت بیس ماہر ڈاکٹر موجود ہیں جبکہ24ماہر ڈاکٹروں کی آسامیاں خالی ہیں۔ اوپی ڈی اور ایمر جنسی پر روزانہ2800 مریض آتے ہیں جن کو مفت طبی سہولت اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ جبکہ سی ٹی سکین کی سہولت آجانے سے عوام کے مفت ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔ سینئراخبار نویسوں کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے ایم ایس نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال کیلئے 200بستروں کا ہونا بنیادی ضرورت ہے جو گزشتہ 32سال سے ابھی تک فراہم نہیں ہو سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع چکوال کی آبادی کے حوالے سے دیکھا جائے تو یہاں پر 500بستروں کے ہسپتال کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پرافسوس کااظہار کیا کہ200بستروں کا آرٹ آف دی سٹیٹ ہسپتال منظور تو ہوا ہے مگر اس پر ایک فیصد بھی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب راولپنڈی مزید ریفر کرنے کی حتیٰ المکان حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے اور انشاء اللہ ماہر ڈاکٹروں کی کمی پوری ہونے کے بعد عوام کو تمام طبی سہولتوں کی فراہمی ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ایک چھت کے نیچے ہوگی، انہوں نے بتایا کہ دوسرا ڈینٹل یونٹ بھی نصب ہوچکا ہے اور اب ہسپتال کے اندر دانتوں کا ہسپتال دو شفٹوں میں کام کرے گا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر