امام جعفر صادق ؑ نے امت ؐ کو امن و اخوت کا عملی درس دیا،علامہ علی رضا

امام جعفر صادق ؑ نے امت ؐ کو امن و اخوت کا عملی درس دیا،علامہ علی رضا

  



راولپنڈی(جنرل رپورٹر) تنظیم شیعہ آئمہ مساجد پاکستا ن نے قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی جانب سے 15تا25شوال عالمی عشرہ صادق آل محمدؐ کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ تنظیم کے سیکرٹری جنرل علامہ سید علی رضا زیدی نے جمعرات کو الکاظم میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کو ملک بھر کی جامع مساجد میں تعلیمات صاد ق آل محمد ؐ اور دین شریعت کیلئے اُنکی گراں قدر علمی خدمات کے موضوع پر خطبات دیئے جائیں گے۔ علامہ زیدی نے باور کرایا کہ حضرت امام جعفر صادق ؑ نے امت محمدیہ ؐ کو امن و اخوت اور اتحاد کا عملی درس دیا ۔ اُنہوں نے کہا کہسیر تِ امام جعفر ابن محمد عالمی امن کے قیام کیلئے بہترین نمونہ عمل ہے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کا دور علمی تحریکات اور تالیفی رحجانات کا روشن ترین زمانہ تھا ،آپ ؑ کے مدرسہ فکر میں امت کے عظیم افراد اور صاحبانِ فکر و نظر تحصیل علوم کیا کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ آستانہ صادق مختلف علوم ،حدیث و تفسیر او ر حکمت و کلام کی بین الاقوامی یونیورسٹی کی حیثیت رکھتا تھا ،جہاں دو چار ہزار طلاب بیک وقت حاضری دیتے اور اپنی علمی تشنگی کو رفع کیا کرتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ امام صادق ؑ کے شاگردوں کا طریقہ کار یہ تھا کہ وہ آپ ؑ کے فرمودات کو ایک کتاب میں جمع کرلیا کرتے تھے ،یہاں تک کہ یہ مجموعہ مکتب جعفر ی کی انسائیکلو پیڈیا بن گیا جس کی تعداد امام حسن عسکری ؑ کے دور میں چار سو تک پہنچ گئی تھی ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عشرہ صادق آل محمد کے پروگراموں کے دوران ملک بھر میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کرے اور ذرائع ابلاغ مجالس و جلوس کو خصوصی کوریج دے۔ انہوں نے اس عہدکااعادہ کیاکہ قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے پیغام امن و اخوت کو عام کرنے کیلئے عملی جدوجہد جاری رہے گی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...