ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر نے قوانین کو ہوا میں اڑا دیا

ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر نے قوانین کو ہوا میں اڑا دیا

  



کراچی (اکنامک رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر چوہدری عرفان یوسف نے ادارے کے قوانین کو ہوا میں اڑادیا ۔باخبر ذرائع کے مطابق عرفان یوسف نے ادارے کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے یونان کے دورے پر جانے کے لیے 25رکنی وفد تیار کیا اور تمام لوگوں سے ازخود فی کس 3لاکھ روپے وصول کیے ۔واضح رہے کہ اس دورے کے لیے یونان حکومت سے ایف پی سی سی آئی کو کوئی دعوت نامہ بھی موصول نہیں ہوا تھا ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ چند ممبران نے اس پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شکایت ایف پی سی سی آئی کے ہیڈ آفس کراچی میں کی ۔ممبران آفس نے چوہدری عرفان یوسف کی سخت سرزنش کی اور ان کو پابند کیا کہ وہ آئندہ ہیڈ آفس کی اجازت کے بغیر کوئی کام نہ کریں،جس کے جواب میں عرفان یوسف نے ہیڈ آفس کو 15لاکھ روپے بھجوادیئے ہیں ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عرفان یوسف 25رکنی وفد کے ساتھ یونان کے لیے روانہ ہوچکے ہیں ۔روزنامہ پاکستان نے ان کا موقف جاننے کیلئے فون کیا تو ان کے تمام نمبرز بند تھے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر