17 ویں ینگ لیڈرز کانفرنس یکم تا 6جولائی ہوگی
کراچی (پ ر) اسکول آف لیڈرشپ کے زیر اہتمام پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور قائدانہ صلاحیتیں اجاگر کرنے کے لیے 17ویں ینگ لیڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ 2002 میں شروع ہونے والی یہ کانفرنس رواں سال لاہور کے تاریخی ہوٹل فلیٹیز(Faletti's) میں یکم جولائی سے شروع ہونے جا رہی ہے جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ کانفرنس کے دوسرے حصے کا انعقاد 4 سے 6 جولائی تک چاند باغ میں ہو گا۔سالانہ بنیادوں پر منعقد ہونے والی ینگ لیڈرز کانفرنس کامیابی کے لیے درکار تجربہ اور اعتماد فراہم کرتے ہوئے لاتعداد نوجوانوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ گزشتہ 16 سالوں سے ینگ لیڈرز کانفرنس کا نیٹ ورک 4ہزار 700 طلبا تک پھیل چکا ہے اور اس نے اس پروگرام سے بلاواسطہ فائدہ اٹھانے والے پاکستان کے 130 سے زائد شہروں، اضلاع اور علاقوں کے 20 لاکھ سے زائد افراد پر اثرات مرتب کیے ہیں۔اس مرتبہ کانفرنس کے لیے ’یہی وقت ہے‘ (Its Time) کے موضوع کا انتخاب کیا گیا ہے جس کا انکشاف رواں سال اپریل میں کیا گیا تھا۔ سماجی تبدیلیوں میں اہم محرک کی حیثیت سے یہ نئے آئیڈیاز اور جدت کو متعارف کراتے ہوئے نوجوانوں کے لیے پاکستان کے مستقبل میں تبدیلی کے لیے کوششیں کرنے کا وقت ہے۔