ڈیرہ سے ملتان آنیوالے ایس ایچ اوز کا جاگیردارانہ رویہ‘شہری پریشان

ڈیرہ سے ملتان آنیوالے ایس ایچ اوز کا جاگیردارانہ رویہ‘شہری پریشان

  



ملتان ( وقائع نگار) ڈیرہ غازی خان پولیس رینج سے تبدیل ہوکر ملتان رینج آنے والے انسپکٹرز کے ناروا رویے سے سائلین پریشان ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈیرہ غازی خان رینج سے متعدد پولیس انسپکٹرز ملتان رینج میں تبدیل کئے گئے ہیں ۔ ان میں سے بیشتر تھانوں میں ایس ایچ اوز لگائے گئے ہیں (بقیہ نمبر45صفحہ12پر )

جن کے رویے سے سائلین پریشان ہو گئے ہیں ۔ مذکورہ انسپکٹرز کے جاگیردارانہ طرز عمل اور تلخ رویے سے معاملات الجھاؤ کا شکار ہو گئے ہیں کیوں کہ انہوں نے تھانوں کو بھی اپنے ڈیرے میں تبدیل کرلیا ہے اور سائلین کا داخلہ غیر اعلانیہ بند کر رکھا ہے ۔ تھانوں میں داخل ہونے سے پہلے سائلین سے ’’تفتیش ‘‘ ہوتی ہے۔ایس ایچ او کی اجازت کے بعد تھانے میں داخل ہونے دیاجاتا ہے ۔ پھر ایس ایچ او سے ملاقات کرنا محال ہو جاتا ہے ۔ ایس ایچ اوز اے سی چلا کر خود کو کمرے میں بند کرلیتے ہیں اور سائلین خوار ہوتے ہیں۔ اگر کسی سائل سے ملاقات کربھی لیں تو تلخ رویے سے ان کو خوف زدہ کردیتے ہیں۔ مذکورہ ایس ایچ اوز کے خلاف یہ بھی شکایات ہیں کہ وہ گشت سے گریز کرتے ہیں جس کے باعث سٹریٹ کرائم میں اضافہ ہو گیا ہے اور مجرموں کو سہولت مل گئی ہے۔خصوصاً تھانہ گلگشت ‘ چہلیک اور صدر کے ایس ایچ او ز کے خلاف شکایات ہیں ۔سائلین نے سی پی او اور آر پی اوملتان سے مطالبہ کیاہے کہ صورتحال کا نوٹس لے کر ایکشن لیاجائے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر