قصور عدلیہ مخالف ریلی، سابق لیگی ایم این اے شیخ وسیم سمیت 4 مجرمان کو ایک ماہ قید ، ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے سابق ن لیگی ایم این اے شیخ وسیم سمیت 4 مجرمان کو توہین عدالت کیس میں ایک ماہ قید اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔
لاہور ہائیکورٹ نے قصور میں عدلیہ مخالف ریلی سے متعلق توہین عدالت کیس کا فیصلہ سنادیا۔عدالت نے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے شیخ وسیم، احمد ایاز، جمیل خان اور ناصر خان کو ایک ایک ماہ قید کی سزا سنادی ، مجرمان کو ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔ عدالت نے ملزمان نعیم صفدر اور لطیف کو بری کردیا ہے۔
واضح رہے کہ نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف ن لیگی ایم این اے شیخ وسیم کی قیادت میں لیگی کارکنوں نے قصور میں عدلیہ مخالف ریلی نکالی تھی ۔ ریلی کے شرکا کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف سمیت اداروں کے خلاف بھی انتہائی بازاری زبان استعمال کی گئی تھی۔