لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب ، مساجد کی دیواریں گرنے سے 13 افراد زخمی

لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب ، مساجد کی ...
لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب ، مساجد کی دیواریں گرنے سے 13 افراد زخمی

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں نماز جمعہ سے پہلے شروع ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ کئی علاقے بجلی سے بھی محروم ہوگئے۔ بارش کے باعث 2 مساجد میں دیواریں گرنے کے واقعات بھی پیش آئے جن میں 13 افراد زخمی ہوئے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ رات سے جاری ہے ۔ لاہور میں صبح کے وقت رم جھم پڑنے والی پھوار نے نماز جمعہ سے پہلے موسلادھار بارش کی شکل اختیار کرلی جس کے نتیجے میں جل اور تھل ایک ہوگیا۔ ایبٹ روڈ، گڑھی شاہو، دھرمپورہ، مغل پورہ، ماڈل ٹاؤن میں موسلادھا بارش کے بعد گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں، اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

لاہور میں سب سے زیادہ بارش ایئر پورٹ کے علاقے میں 50 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ گلبرگ میں 40 اور لکشمی میں 33 ملی میٹر بارش ہوئی۔ نشتر ٹاﺅن 10، گلشن راوی 22، سمن آباد 15، جوہر ٹاﺅن 21، اپرمال 14، مغلپورہ 12، ناخدا چوک اور پانی والا تالاب میں 16 اور اقبال ٹاﺅن میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ رات سے جاری بارش کے باعث لیسکو کے 70 فیڈرز بھی ٹرپ کر چکے ہیں جس کی وجہ سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتہ کے روز بھی لاہور ، گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، مالاکنڈ، ہزارہ، ژوب، قلات، میرپور خاص، اسلام آباد، فاٹا،کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب لاہور میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران ماڈل ٹاﺅن لنک روڈ پر جامع مسجد توحید کی محراب نما دیوار گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر ایک بچے سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔دوسری جانب چوبرجی گول چکر کے قریب بھی نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران مسجد کی دیوار نمازیوں پر آگری جس سے 4 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت سخت تشویشناک ہے۔

مزید : ماحولیات /علاقائی /پنجاب /لاہور