ملی مسلم لیگ نے انتخابی مہم کے لئے حکمت عملی ترتیب دے دی،سوشل میڈیا سیل بھی قائم کر دیا گیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدواروں نے انتخابی مہم کے لئے حکمت عملی ترتیب دے دی،انتخابی مہم کو گرمانے کے لئے ملی مسلم لیگ کے نئے ترانے لانچ کر دیئے گئے ہیں اور نظریہ پاکستان اور کشمیر کے حوالہ سے ڈاکو منٹریز بھی بنائی گئی ہیں جو حلقوں میں چوکوں ،چوراہوں،مارکیٹوں و دیگر پبلک مقامات میں دکھائی جائیں گی جبکہ ’’ اللہ اکبر تحریک‘‘ کے نامزد امیدوار ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم چلائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں انتخابی گما گہمی بڑھنے کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں نے اپنی تشہیری مہم کے لئے خصوصی سیل تشکیل دیئے ہیں ،اسی حوالے سے ملی مسلم لیگ نے بھی اپنے سوشل میڈیا سیل کو بھی متحرک کر دیاہے،سوشل میڈیا ٹیم کے نگران طہ منیب ہوں گے،جو ملک بھر کے امیدواروں کی سوشل میڈیا پر مہم کو دیکھیں گے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں ’’ اللہ اکبر تحریک‘‘ کے نامزد قومی اسمبلی کے6 جبکہ صوبائی اسمبلی کے 10 امیدوار میدان میں ہیں۔انتخابی مہم کے لئے یونین کونسلز اور وارڈ کی سطح پر انتخابی دفاتر کھولے جارہے ہیں جہاں ووٹر لسٹیں آویزاں کی جائیں گی۔انتخابی مہم کی نگرانی اللہ اکبر تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر احسان باری اور ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد کریں گے۔