فیصل آباد میں قبضہ مافیا نے دن دیہاڑے پارک سے درختوں کا صفایا کردیا، دو ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار

فیصل آباد میں قبضہ مافیا نے دن دیہاڑے پارک سے درختوں کا صفایا کردیا، دو ...
فیصل آباد میں قبضہ مافیا نے دن دیہاڑے پارک سے درختوں کا صفایا کردیا، دو ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار

  


فیصل آباد (غلام نبی سے ) قبضہ مافیا نے پیپلزکالونی سی بلاک کے پارک سے ڈیڑھ سے دو فٹ قطر کے 60 فٹ تک لمبے درخت کاٹ دیئے جس پر شہری نے پولیس اور متعلقہ اداروں سے رجوع کرلیا، پولیس نے درخت کاٹنے میں مصروف دو افراد کوموقع سے گرفتار کرلیا جبکہ یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ بااثر طبقے نے پارک کے سامنے غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات قائم کررکھے ہیں، پارک کے گیٹ بھی بند کردیئے جبکہ مافیا کی طرف سے موجود مسلح گارڈز بچوں کو کھیلنے سے بھی منع کرتے ہیں۔

شہری غلام مصطفی کی طرف سے پیپلزکالونی پولیس کو دی گئی درخواست میں موقف اپنا یا کہ دن دیہاڑے دو درجن سے زائد سایہ دار اور مضبوط درخت کاٹ دئیے گئے، درختوں کی کٹائی میں مصروف لوگوں سے اس بابت دریافت کیا اور ان کی شناخت دریافت کی جنہوں نے اپنے نام ذیشان ولد چیمہ قصائی اور محمد قیصر ولد محمد ریاض بتائی ، دونوں نے بتایاکہ  میاں زاہد اور عابد نے انہیں درخت کاٹنے کا کہا  تھا اور انہی کی ہدایت پر دو درجن درخت کاٹ دئیے گئے ہیں، اس واقعہ کے چشم دید گواہان میں شفقت حمید سندھو ولد چوہدری عبدالحمید سندھو، منور رسول چوہدری ولد غلام رسول چوہدری قوم گجر سکنہ گلشن رحمان ستیانہ روڈ فیصل آباد شامل ہیں۔ درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ درختوں کی کٹائی اور چوری، ماحول کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر نقصانات کے حوالہ سے ملزمان کے خلاف فوری اندراج مقدمہ کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔

بعدازاں ڈیلی پاکستان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے غلام مصطفیٰ نے بتایا کہ ان لوگوں نے پارک اور پارک کے اطراف میں غیرقانونی تجاوزات بھی قائم کررکھے ہیں، پولیس نے درخواست وصول کرکے مکمل تعاون کیا اور کٹائی میں مصروف دونوں افراد کو حراست میں لے کر تھانے پہنچا دیاگیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ 

مزید : ماحولیات /علاقائی /پنجاب /فیصل آباد