ڈرامہ سیریل ”بندھے اک ڈور سے“کی کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ، احسن

ڈرامہ سیریل ”بندھے اک ڈور سے“کی کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ، احسن

  

لاہور (فلم رپورٹر) اداکار احسن خان نے کہا ہے کہ ڈرامہ سیریل ”بندھے اک ڈور سے“کی کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔اس میگا پراجیکٹ کی پہلی قسط نے ہی ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔احسن خان کا کہنا ہے کہ جوں جوں کہانی آگے بڑھے کی ڈرامے میں عوام کی دلچسپی بڑھتی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح کا بیڑہ اٹھانے سے پہلے ہمیں خود کو ٹھیک کرنا ہو گا،جب ہم اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے ادا کریں گے تو معاشرے میں خود بخود سدھار آتا جائے گا، پی آئی سی میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم برائیوں کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈال کر خود کو بری الذمہ سمجھتے ہیں جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ دنیا میں ترقی یافتہ قوموں کی وجہ ان کے شہریوں کا احساس ذمہ داری ہے، وہ رات گئے اہلکار نہ ہونے کے باوجود بھی ٹریفک قوانین کی پابندی کرتے ہیں۔

اور ان ممالک میں جرم کرنے پر بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جاتی ہے۔ ترقی یافتہ ممالک میں پروٹوکول کا کوئی تصور نہیں اور اسی وجہ سے ان ممالک کے شہری بھی اپنی حکومتوں سے خوش نظر آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے تمام لوگوں کو اپنا اپنا کردار کرنا چاہیے اور اس کے ساتھ حکومت کو احساس ذمہ داری کا شعور اجاگر کرنے کے لئے میڈیا پر آگاہی مہم کا آغاز بھی کرنا چاہیے۔فنکار، کھلاڑی اور دیگر شعبوں کی نامور افراد اس مہم میں مثبت اور موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

مزید :

کلچر -