وزیرآباد:عدلت میں مخالفین کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق،4 افراد زخمی
وزیرآباد(نا مہ نگار،نمائندہ خصوصی)دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ،تاریخ پیشی پر آئے دوگروپوں کا جوڈیشل کمپلیکس کے سامنے فائرنگ کا تبادلہ۔ گولیاں لگنے سے ایک شخص جاں بحق، وکیل سمیت4افرادشدید زخمی۔نواحی علاقہ اسماعیل پور میں انعام الٰہی گروپ اور ذکاء اللہ چیمہ گروپ میں زمین کے تنازعہ پر دیرینہ رنجش کی بنا ء پر دشمنی چلی آ رہی تھی چند ماہ قبل میرج ہال میں انعام الٰہی کا بیٹا ذیشان عرف شانی قتل ہوگیا تھا۔ واقعہ کے بعد انعام الٰہی گروپ کی طرف سے قتل و غارت گری کی دھمکیاں دی جارہی تھیں کہ پولیس نے اس معاملے پر کوئی خاص توجہ نہ دی جبکہ پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں انعام الٰہی گروپ نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں ذکاء اللہ چیمہ کا بیٹاعلی حسن چیمہ، بلال، علی، سمیع اورراہگیر شاہد نامی شخص کے علاوہ بار ایسوسی ایشن کے رکن صدام انور چیمہ ایڈووکیٹ شدید زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو ریسکیو 1122کے عملہ نے طبی امداد کی خاطر تحصیل ہیڈکوارٹر پہنچادیا۔ علی حسن چیمہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ایڈووکیٹ صدام انور چیمہ کے پاؤں میں فائر لگے ہیں۔ دونوں گروپوں کی پرانی دشمنی تھی اب تک دونوں طرف سے 7افراد قتل جبکہ 20 زخمی ہو چکے ہیں۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ واقعہ کے بعد سی پی او گوجرانوالہ رائے بابر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے ملزمان کو فوری گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچانے کا عندیہ دیا ہے۔