قومی اسمبلی اجلاس ایک روزہ وقفے کے بعد آج پھر ہو گا

قومی اسمبلی اجلاس ایک روزہ وقفے کے بعد آج پھر ہو گا

  

اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس ایک روزہ وقفے کے بعد (آج)پیر کو دوبارہ ہو گا جس میں فنانس بل2020-21کی حتمی منظوری لی جائے گی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید احتجاج کیا جائے گا،اجلاس سے قبل حکومت اور اپوزیشن اتحادی جماعتوں کے الگ الگ اجلاس بھی ہوں گے جس میں اجلاس کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت (آج)پیر کو صبح 11بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا،جس میں فنانس بل2020-21 کو حتمی منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔اس سے قبل بجٹ پر عام بحث مکمل کر لی گئی ہے جبکہ تمام وزارتوں کے مطالبات زر بھی منظور ہو چکے ہیں،دوسری جانب سے حکومت کو بجٹ منظور کروانے میں مشکلات کا سامنا ہے،حکومتی اتحادی جماعت بی این پی مینگل حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر چکی ہے،اجلاس سے قبل حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے الگ الگ اجلاس ہوں گے جس میں اجلاس کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ اپوزیشن کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید احتجاج کیا جائے گا۔ہفتے کے روز ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ (ن)کے مرتضیٰ جاوید عباسی نے اعلان کیا تھا کہ حکومت نے پیر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا تو اپوزیشن جماعتیں ایوان میں احتجاج کریں گی۔

قومی اسمبلی

مزید :

صفحہ اول -