کورونا علامت کے حامل مسافروں کے فضائی سفر پر پابندی
لاہور (آئی این پی) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کیلئے نئی سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئر لائنز کورونا وائرس میں سے کسی بھی علامت کے حامل مسافر کو ٹکٹ جاری نہ کریں۔سول ایوی ایشن نے ایئر لائنز کو کورونا وائرس کے حامل مسافروں کو ٹکٹ جاری کرنے سے روک دیتے ہوئے ہدایت نامہ جاری کردیا جو 31 جولائی تک نافد العمل رہے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا وائرس کی علامات میں نزلہ، کھانسی، زکام، بخار اور سانس لینے میں دشواری شامل ہیں۔ ایسے مسافروں کو ایئر لائن ٹکٹ نہ جاری کریں۔ اگر ٹکٹ لینے کے بعد مسافر میں علامات ظاہر ہوں تو وہ ایئرپورٹ نہ آئیں۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے علامات ظاہر ہونے والے مسافروں کو بورڈنگ کارڈز جاری کرنے سے روکتے ہوئے ایئرپورٹ اتھارٹیز اور ایئر لائنز کو مسافروں کو بورڈنگ کارڈ جاری نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔علاوہ ازیں امارات ائیرلائن نے مسافروں کیلئے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروانے کی شرط نافذ کرکے پاکستان کے لیے اپنا فضائی آپریشن بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔ امارات کی سرکاری ائیرلائن ایمریٹس نے 24 جون کو پاکستان سے اپنا فلائٹ آپریشن معطل کردیا تھا۔ائیرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ 30 جون سے پاکستان کے لیے اپنا فضائی آپریشن دوبارہ شروع کر رہے ہیں مگر ب مسافروں کو سفر کرنے کے لیے اپنے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ لازمی جمع کروانی ہوگی۔
سفری پابندی