ڈاکٹر زکا شہباز شریف کو مزید 3ہفتے آرام کا مشورہ

    ڈاکٹر زکا شہباز شریف کو مزید 3ہفتے آرام کا مشورہ

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) ڈاکٹروں نے کورونا وائرس کے شکار سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو مزید 3 ہفتے آرام کا مشورہ دے دیا، عبوری ضمانت میں توسیع کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست سماعت کے لیے مقرر کر لی گئی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ شہباز شریف کی درخواست پر پیر کو سماعت کرے گا۔ شہباز شریف نے امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے متفرق درخواست دائر کی تھی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ نیب انکوائری میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت منظور کر رکھی ہے۔ ضمانت کی درخواست منظوری کے بعد 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کروائے جا چکے ہیں۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ضمانتی مچلکوں پر شہباز شریف کے دستخط ہونا تھے، مگر درخواستگزار کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ میو ہسپتال کے پروفیسر اور اتفاق ہسپتال کے ڈاکٹروں نے شہباز شریف کو مزید 3 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔درخواست میں میو ہسپتال اور اتفاق ہسپتال سے موصول شدہ میڈیکل سرٹیفکیٹس بھی لف کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کو عبوری ضمانت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے سے 3 ہفتوں کیلئے استثنیٰ دیا جائے۔قبل ازیں مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی کا تناسب بدلنے کے معاملے پر عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ شہبازشریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بھارت غیر قانونی طور پر ہزاروں بھارتیوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں شہریت دے رہا ہے، دنیا بھارت کے غیر قانونی اقدام کا نوٹس لے۔شہباز شریف نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کر رہا ہے۔ واضح رہے بھارت اسرائیل کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی تناسب بدلنے کا گھناؤنا کھیل کھیل رہا ہے جس کے تحت مودی سرکار نے 25 ہزار بھارتیوں کو جموں و کشمیر کا ڈومیسائل جاری کر دیا جو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان نے سرکاری طور پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ بھارت کو جموں و کشمیر میں ابادی کا تناسب تبدیل کرنے سے روکنے کیلئے مداخلت کرے، بھارت پر زور دیا جائے کہ غیر قانونی طور پر جاری کئے گئے تمام ڈومیسائل منسوخ کرے۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -