کرپٹ عناصر ملک و قوم کے مجرم، ملک کی بنیادیں کھو کھلا کرنے والوں کو حساب دینا پڑے گا، عثمان بزدار

کرپٹ عناصر ملک و قوم کے مجرم، ملک کی بنیادیں کھو کھلا کرنے والوں کو حساب دینا ...

  

لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں صرف اپنی کرپشن بچانے کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہیں۔ ملک کی بنیادوں کو کھوکھلاکرنے والے عناصر کو حساب دینا پڑے گا۔ ماضی کے ادوار میں بے حساب کرپشن کو قوم ابھی تک نہیں بھولی۔ کرپٹ عناصر ملک وقو م کے مجرم ہیں۔سابق دور میں قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والے احتساب سے خوف زدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے کورونا پر بھی ڈیڑھ انچ کی مسجد بنائی ہوئی ہے۔ انتہائی نازک مرحلے پر اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ قابل افسوس بھی ہے اور قابل مذمت بھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا سے نمٹنے کے لئے بروقت اجتماعی فیصلے کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے شدید متاثرہ علاقے سیل کئے گئے ہیں اور پنجاب میں حالیہ پابندیوں پر عملدرآمد کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ایس او پیز پر عملدرآمد میں ہی شہریوں کی حفاظت ہے۔شہری گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں۔ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے شدید متاثرہ علاقوں کو آئندہ بھی سیل کیا جائے گا۔احتیاط کے ساتھ زندگی بسر کرنے سے ہی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا کے ٹیسٹ کی استعداد کار 12 ہزار ہو گئی ہے۔ لاہور، راولپنڈی، ملتان اور دیگر شہروں کے ہسپتالوں میں ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کوروناکی ادویات بلیک کرنیوالے عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے۔ ادویات یا انجکشن کی قلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنما منفی سیاست کے علمبردار ہیں۔ اپوزیشن رہنماؤں نے کورونا پر قومی یگانگت کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔ اپوزیشن نے کورونا جیسی وباء پرقوم میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کے سینے میں دل ہے نہ دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ۔ پراپیگنڈا کرنے والے عناصر عوام کو تنہا چھوڑ کر زبانی جمع خرچ پر لگے ہوئے ہیں اور ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر دعوے کرنے والے بے عملی کا نمونہ پیش کر رہے ہیں۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -