ٹڈی دل کا کوئٹہ، قلات اور شکار پو ر پردوسرا بڑا حملہ، فصلیں، باغاز چٹ، کسان پریشان

  ٹڈی دل کا کوئٹہ، قلات اور شکار پو ر پردوسرا بڑا حملہ، فصلیں، باغاز چٹ، کسان ...

  

کوئٹہ،قلات،شکارپور(آئی این پی)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ، قلات اور شکارپور میں دوبارہ ٹڈ ی دل کی یلغار، وسطی اور نواحی علاقوں میں فصلوں اور باغات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کا خدشہ، کئی دن گزرنے کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے اقدامات نہیں کئے گئے، ٹڈیوں کے خلاف بروقت اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو زراعت کے شعبے کو مزید تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹڈل دل کے جھنڈ ایک مرتبہ پھر کوئٹہ کے وسطی علاقوں کے علاوہ نواحی علاقوں اختر آباد، میاں غنڈی، ہنہ اڑک، ہنہ جھیل کے باغات پر حملہ آور ہوگئے ہیں اسی طرح اس وقت صوبے کے تقریبا تمام اضلاع ٹڈی دل کے حملوں سے بری طرح متاثر ہیں۔ قلعہ عبداللہ، گلستان، ژوب، موسی خیل میں بھی ٹڈیوں نے فصلیں تباہ کردی ہیں۔ کاشتکاروں کے مطابق حالیہ بجٹ میں صوبائی حکومت کی جانب سے 5سو ملین روپے کے فنڈز ٹڈی دل کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے رکھے گئے ہے اگر اب بھی بڑے پیمانے پر اسپرے کا عمل شروع نہ کیا گیا تو فصلوں کی تباہی سے نقصان کا خمیازہ آنے والے دنوں میں صوبے بھر کے عوام کو اٹھانا پڑے گا۔ ٹڈی دل سے اس وقت بلوچستان کے تقریبا تمام اضلاع متاثر ہیں۔ قلات شہر کے مضافاتی علاقوں اسکلکو کاریز یوسفی ہربوئی کشان دشت بڈو اور دیگر علاقوں میں کروڑوں کی تعداد میں ٹڈی دل کے مسلسل حملوں کی وجہ سے سیب،آڑو، خوبانی،گندم،آلو، پیاز،خربوزہ، تربوزہ اور دیگر فصلوں کو چٹ کرنے کے بعد درختوں کے پتوں کو بھی صاف کر نے لگے ہیں۔جس سے زمینداروں کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ شکارپور میں ٹڈی دل کے لاکھوں کے لشکر شہر اور گردو نواح میں دوبارا پہنچے، ٹڈی دل کے حملے سے غریب کسان اور کاشتکار پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔ ٹڈی دل نے دھان کی فصل اور باغات کو نقصان پہنچانا شروع کردیا۔جب کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ٹڈی دل کی روک تھام کے لیے کوئی انتظامات نہیں کئے گئے ہیں۔

ٹڈی دل

مزید :

صفحہ آخر -