اپوزیشن آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کا اکٹھ کرنے کیلئے کوشاں: ترجمان پنجاب حکومت
لاہور(این این آئی) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے نام پر آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کا اکٹھ کرنے کیلئے کوشاں ہے، (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی والے جو مرضی کر لیں لوٹ مار کا دور کبھی واپس نہیں آئے گا بلکہ انہیں لوٹی ہوئی پائی پائی واپس کر کے قوم کے سامنے اس دھندے سے تائب ہونا پڑے گا،سمارٹ لاک ڈاؤن کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں،سیل کئے گئے علاقوں میں فرائض سر انجام والے پولیس افسران واہلکار خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے ویڈیو بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اپوزیشن کے پیٹ میں اس لئے مروڑ اٹھ رہے ہیں کہ انہیں ماضی کی طرح لوٹ مار کی کھلی چھٹی کیوں نہیں مل رہی، اپوزیشن ملک و قوم کے مفاد میں نہیں بلکہ اپنے مفاد میں آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کا اکٹھ کرنے کیلئے کوشاں ہے جس سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسط مدتی انتخابات کا مطالبہ کرنے والی مسلم لیگ (ن) میں قیادت کا بحران ہے بلکہ جوتیوں میں دال بٹ رہی ہے۔ انشا اللہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور کرپشن کی پارٹنر ز(ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کو آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہو جائے گا۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن موثر انداز میں جاری ہے اور اس کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ قوم کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر فرائض سر انجام دینے والے طبی عملے کے ساتھ پولیس کے افسران اورجوانوں کوبھی خراج تحسین پیش کرتی ہے۔حکومت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ماہرین کی مشاورت سے روزانہ کی بنیاد پر فیصلے کر رہی ہے۔
مسرت چیمہ