دیامر بھاشا ڈیم پر موبلائزیشن اور تعمیراتی کام میں تیزی آرہی ہے: چیئر مین واپڈا

دیامر بھاشا ڈیم پر موبلائزیشن اور تعمیراتی کام میں تیزی آرہی ہے: چیئر مین ...

  

لاہور(این این آئی)قومی اہمیت کے حامل دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ پر موبلائزیشن اور تعمیراتی کام میں تیزی آرہی ہے، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)مزمل حسین نے پراجیکٹ سائٹ کا دورہ کیا،ڈائریکٹر جنرل فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن میجر جنرل کمال اظفر، ممبر (واٹر) واپڈا اور جنرل منیجر دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ عامر بشیر چوہدری، پاور چائنا کے نمائندے اور دیگر سینئرحکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے مین ڈیم اور اِس سے متصل دیگر تعمیراتی کاموں کا کنٹریکٹ پچھلے ماہ پاور چائنا اور ایف ڈبلیو او پر مشتمل جوائنٹ ونچر کو ایوارڈ کیا گیا تھا۔ چیئرمین واپڈا مین ڈیم سائٹ کے علاوہ کنٹریکٹرز کیمپ بھی گئے۔ جہاں مین ورکس پر تعمیراتی سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے بھاری مشینری اور دیگر آلات موجود ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ موبلائزیشن کا یہ عمل بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے پراجیکٹ انتظامیہ اور کنٹریکٹرز پر زور دیا کہ وہ عزم اور تندہی کے ساتھ کام کریں تاکہ اِس اہم منصوبے کو وقت پر مکمل کیا جاسکے۔ قبل ازیں پراجیکٹ انتظامیہ نے چیئرمین واپڈا کو پراجیکٹ ایریا میں انفراسٹرکچر کی تعمیر، موبلائزیشن کی صورتِ حال اور مین ورکس پر تعمیراتی کام شروع کرنے کے حوالے سے تیاریوں پر بریفنگ دی۔دیا مر بھاشا ڈیم دریائے سندھ پر چلاس سے 40کلو میٹر زیریں جانب تعمیر کیا جارہا ہے۔ یہ منصوبہ پاکستان کی واٹر، فوڈ اور انرجی سکیورٹی کے لئے بہت اہم ہے۔دیا مر بھاشا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 81لاکھ ایکڑ فٹ ہے جس کی وجہ سے سیلاب کی روک تھام میں مدد ملے گی اور 12لاکھ ایکڑ اراضی زیر کاشت آئے گی۔دیا مر بھاشا ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4ہزار 500میگاواٹ ہے اور یہ نیشنل گرڈ کو ہر سال اوسطا 18ارب 10کروڑ یونٹ بجلی فراہم کرے گا۔

چیئرمین واپڈا

مزید :

صفحہ آخر -