سید منور حسن کی وفات پر پاکستان سمیت دنیا بھر سے سراج الحق کے نام تعزیتی پیغامات

سید منور حسن کی وفات پر پاکستان سمیت دنیا بھر سے سراج الحق کے نام تعزیتی ...

  

اسلام آباد(این این آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منورحسن کی وفات پر امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کے نام دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں، دینی سکالرز اور نمایاں شخصیات کی طرف سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا، افغانستان کے حا لیہ انتخابات کے صدارتی امیدوار پروفیسر ڈاکٹر فضل الہادی وزین نے بھی سیدمنور حسن کے انتقال پر تعزیتی خط ارسال کیا ہے،فلسطین کے سابق وزیراعظم اور حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے سید منور حسن کی وفات پر اہل فلسطین کی طرف سے گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیاہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں اسماعیل ہانیہ نے کہاکہ سید منور حسن مرحوم قابل قدر عالم دین تھے۔ انہوں نے امت مسلمہ کے مسائل خصوصاً فلسطین کی آزادی کے لیے اپنی زندگی میں ہمیشہ آواز بلند کی۔ امیر جماعت اسلامی ہند ڈاکٹر سید سعادت اللہ حسینی، امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش ڈاکٹر شفیق الرحمن، صدر اسلامی سنگھ نیپال خورشید عالم اصلاحی، سیکرٹری جنرل فیڈریشن آف آسٹریلیا اسید خلیل، سیکرٹری جنرل ایجوکیشن کمیٹی کویت محمد الفام، سیکرٹری جنرل مسلم یونین کونسل اٹلی سجاد حسین بھٹی، صدر مسلم یورپین کونسل ڈنمارک اخلاق احمد نے سید منور حسن کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ ان کی وفات سے عالم اسلام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس عظیم فرزند اسلام کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہل خانہ اور جماعت اسلامی کے کارکنوں کو صبر جمیل عطا کرے۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پر مولانا فضل الرحمن، حامد الحق حقانی، مولانا فضل الرحمن خلیل، پیر اعجاز ہاشمی، پیر ہارون گیلانی، مولانا محمد امجد خان، خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، چوہدری اختر رسول، الطاف حسن قریشی، امتیاز عالم، احسان وائیں، ہارون الرشید، علامہ ثابت اکبر، علامہ عارف حسین واحدی اور دیگر رہنماؤں نے رابطہ کیا اور سید منورحسن مرحوم کے لیے تعزیت اور زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

تعزیتی پیغامات

مزید :

صفحہ آخر -