بہاریہ کماد کو نائٹروجن کی آخری قسط فوری ڈالنے کی ہدایت
فیصل آباد (اے پی پی)ماہرین زراعت نے بہاریہ کماد کو نائٹروجن کی آخری قسط فوری ڈالنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ جن کاشتکاروں نے ابھی تک کھیتوں میں نائٹروجن کھاد کی آخری قسط نہیں ڈالی تو آئندہ چند دنوں کے دوران فصل کو کھاد کی تیسری خوراک کے طور پر آخری قسط ڈال دیں تاکہ فصل کا اگاؤ بہتر ہو سکے نیز اگر کھاد دیر سے ڈالی گئی تو برسات شروع ہونے پر فصل کی بڑھوتری پھوٹ کرنے لگے گی جس سے گنے کے گرنے کا خطرہ بھی ہو سکتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ مونڈھی فصل کو نئی فصل کی نسبت 30 فیصد زائد کھاد کی ضرورت ہوتی ہے لہٰذا اس ضمن میں کسی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کماد کی فصل پر گڑوؤں کے حملے کے کوئی شواہد نظر آئیں تو ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت توسیع کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے مناسب دانے دار زہروں کا استعمال کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ زہروں کے استعمال کے بعد کھیتوں کو پانی لگانے کے مزید بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکا ر موسم برسات میں کماد کی فصل کیلئے پانی کے تناسب کا خاص خیال رکھیں کیوں کہ مون سون میں زیادہ پانی کی فراہمی سے گنے کو کیڑا لگ سکتاہے جس سے جہاں کماد کی فصل تباہ ہو سکتی ہے وہیں کاشتکاروں کو بھاری مالی نقصان کاسامنا بھی کرناپڑسکتاہے۔