حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی،شاہد رشید

  حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی،شاہد رشید

  

اسلام آباد(یواین پی) تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ حکومت ڈلیور کرنے میں ناکام ہو چکی ہے اور مافیاؤں کی مسلسل سرپرستی کرکے عوام کا اعتماد کھو چکی ہے۔اب یہ غریب عوام کے لئے ایک خطرہ بن گئی ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 25 روپے فی لیٹر تک کے تاریخی اضافے کو مسترد کرتی ہے۔قیمت بڑھانے کے لئے دی جانے والی وضاحتیں معاشی حالات، وائرس اور تبدیلی بھگتنے والے عوام سے دھوکہ اور انکے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔حکومت بوکھلاہٹ، بد نظمی، بد انتظامی اور افراتفری کا شکا ہے۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 27 سے 66 فیصد تک ہوشرباء اضافہ کرتے ہوئے اوگرا کو بھی بائی پاس کیا گیا جو غیر آئینی ہے۔ اس اضافہ سے عام آدمی کا تیل نکل جائے گااور وہ حکومت کی تسلیوں کے باوجود گھبرانے پر مجبور ہو جائے گا۔ گزشتہ ستائیس دن سے ملک میں تیل کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والی پٹرولیم مافیا کے خلاف کاروائی بند کرنے اور قیمتیں بڑھنے سے عوام کو انکے اثررسوخ کا اندازہ ہو گیا ہے اور وہ مستقبل میں اس کے خلاف کسی قسم کی کاروائی سے مایوس ہو گئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ مافیا کے خلاف اعلانات تو بہت کئے گئے مگر موثر کاروائی نہیں ہو سکی۔

جس سے شوگر مافیا، گندم مافیا، بجلی مافیا، فارما مافیا، آئل مافیااور دیگر گروپوں کا حوصلہ بڑھا ہے اور انھیں جلد ہی کلین چٹ مل جائے گی۔عوام ہی پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ اگر کسی کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کرنا تھی بلکہ ڈرامہ ہی کرنا تھا تو انکے خلاف تحقیقات پربھاری اخراجات کیوں کئے گئے اور عوام برباد کرنے والوں کے خلاف قانون مکڑی کے جالے سے زیادہ کمزور کیوں ثابت ہوا۔۔آئل مافیا کی خواہش پرتیل کی قیمت ڈی ریگولیٹ کی گئی تو یہ بے رحم مافیا عوام کو خود کشی پر مجبور کر دیگی۔حکومت کے پاس تیل کی قیمت بڑھانے کا کوئی معقول جواز موجود نہین اور عوام، کاروباری برادری اور ایوزیشن کی تنقید درست ہے جس کا موقع حکومت نے خود فراہم کیا۔

مزید :

کامرس -