کورین حکومت کی طرف سے خیبرپختونخواحکومت کو10ہزارفیس ماسکس کا عطیہ

  کورین حکومت کی طرف سے خیبرپختونخواحکومت کو10ہزارفیس ماسکس کا عطیہ

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)کوریا حکومت کی جانب سے کوروناوائرس کے خلاف10ہزارحفاظتی فیس ماسکس خیبرپختونخواحکومت کوعطیہ کئے گئے ہیں،کورین حکومت نے عالمی وبائی مرض کی ایمرجنسی صورتحال کے دوران حکومت پاکستان باالخصوص خیبرپختونخواحکومت کی جانب سے عوام کی جان ومال کے تحفظ کے لئے اٹھائے گئے موثرہنگامی اقدامات کوسراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں وہ پاکستانی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔اس سلسلے میں کورین ایمبیسی میں توانائی شعبے میں کام کرنے والی کورین کمپنیوں کوریاہائیڈرواینڈ نیوکلیئرپاور،LOTTEانجینئرنگ اینڈ کنسٹرکشن اورکوریاانرجی اسریت کیدامKOAKپاورکمپنی کے تعاون سے خیبرپختونخواحکومت کے لئے10ہزارحفاظتی فیس ماسکس عطیہ کئے گئے جوکہ دھونے کے بعد بھی قابل استعمال ہونگے۔تقریب میں کورین سفیر Kwak Sung Kyuکے علاوہ صوبائی مشیر توانائی حمایت اللہ خان،سیکرٹری توانائی وبرقیات محمدزبیر خان،کورین کمپنیوں کے نمائندوں Ahn Ho youngاورKim Kyungsikنے بھی شرکت کی۔ تقریب میں صوبائی حکومت کی جانب سے مشیر توانائی حمایت اللہ خان نے کورین حکومت کے خیرسگالی کے جذبے کو سراہا۔اس موقع پر کورین سفیر نے کورین سرمایہ کارکمپنیوں کے تعاون کا خیرمقدم کیا۔ واضح رہے کہ عالمی وبائی مرض Covid-19کے دوران ماہ اپریل میں کورین حکومت کی جانب سے پاکستان کے تعاون کے لئے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کو 3لاکھ امریکی ڈالرزجاری کئے گئے تھے جبکہ توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والے کورین سرمایہ کاروں کی طرف سے بھی 47ہزارامریکی ڈالرز فراہم کئے گئے تھے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -