چارسدہ،ڈاکو گھر سے لاکھوں روپے نقدی اور زیورات اڑا لے گئے
چارسدہ (بیو رو رپورٹ) دیدہ دلیر ڈکیٹ گروہ نے نشہ آور سپرے کرکے خاندان کے تمام 17افراد کو بے ہو ش کر دیا اور لاکھوں روپے نقدی اور طلائی زیورات سمیت اہم دستاویزات چرا کر رفو چکر ہو گئے۔ڈکیتی کے اس خوفناک واردات کے بعد علاقے کے عوام میں خوف و ہراس اور عدم تحفظ کا احساس پھیل گیاہے۔تفصیلات کے مطابق تھانہ نستہ کے علاقہ صمد قلعہ طارق باچا کلے میں رات تین بجے کے قریب نامعلوم خطرناک ڈکیت گروہ نے گھر میں گھس کر ایک غریب کاشتکار حکیم خان کے خاندان کے تمام 17افراد پر نشہ آور سپرے کرکے بے ہو ش کر دیا۔ بے ہوش کر دئیے جانے والے افراد میں چار مر د، چھ خواتین اور بچے بچیاں شامل ہیں۔ ڈاکوؤں نے نشہ آور سپرے کرنے کے بعد آرام کے ساتھ پورے گھر کا صفایا کر دیا۔ گھر میں موجود صندوق اور دیگرقیمتی سامان کھیتوں میں لے گئے جس میں موجود تقریبا ًساڑھے پانچ لاکھ روپے نقد اور دو تولے طلائی زیورات نکال کر رفو چکر ہو گئے۔ اہل خانہ نے صبح خالی صندوق قریبی کھیتوں سے برآمد کئے۔ گھر کے سربراہ حکیم خان کے مطابق وہ ایک غریب کاشتکار ہے اور خربوزے کے فصل سے ہونے والے آمدنی کو گھر میں رکھا تھا جس پر ڈاکوؤں نے تمام جمع پونچھی پر ہاتھ صاف کرکے سارا کچھ لوٹ لیا۔حکیم خان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکو ؤں ان کے گھر کا مکمل صفایا کر چکے ہیں اور اب وہ پائی پائی کے مختاج بن گئے ہیں۔ اللہ کے سوا ہمار کوئی آسرا باقی نہیں رہا اس لئے ہم آئی خیبر پختونخوا، ڈی آئی جی مردان اور ڈی پی او چارسدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ علاقے میں موجود ڈکیت گروپ کو جلد از جلد گرفتار کرکے ان کی لوٹی ہوئی رقم کو واپس لوٹایا جائے اور ڈاکوؤں کو قرار واقعہ سزا دیا جائے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی تھانہ نستہ کے علاقہ میں چوری اور ڈکیتی کے متعدد واردات ہو چکے ہیں اور پولیس ڈاکوؤں اور چوروں کو تاحال گرفتار کرنے میں ناکام ہو چکی ہے جس کی وجہ سے علاقے کے عوام میں خوف و ہراس اور عدم تحفظ کا احساس پھیل گیاہے۔