کورونا سے 49افراد جاں بحق، راولپنڈی کے مزید 8علاقومیں میں سمارٹ لاک ڈاؤن

کورونا سے 49افراد جاں بحق، راولپنڈی کے مزید 8علاقومیں میں سمارٹ لاک ڈاؤن

  

لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور(سٹاف رپورٹر، مانیترنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)ملک بھر میں اتوار کے روزکورونا وائرس کے 3720 نئے کیسز اور 46 اموات رپورٹ ہوئیں۔صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 179 نئے کیسز اور 26 اموات کا اضافہ ہوا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کیسز کی صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھٹنوں کے دوران 9 ہزار 244 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2 ہزار179 کے نتائج مثبت آئے، اس طرح مجموعی کیسز کی تعداد 80 ہزار 446 تک پہنچ گئی۔انہوں نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید 26 افراد انتقال بھی کرگئے جس سے یہ تعداد 1269 تک پہنچ گئی ہے۔صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1322 نئے کیسز اور 17 اموات رپورٹ ہوئیں۔سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 322 لوگ متاثر ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 74 ہزار 202 ہوگئی۔اس کے علاوہ صوبے میں مزید 17 افراد زندگی کی بازی ہار گئے یوں اب تک وہاں اموات 1673 تک پہنچ گئیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 189 افراد کو متاثر کیا جبکہ 2 افراد کی جان لے لی۔اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثر ہونے والے ان افراد کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 12 ہزار 395 تک پہنچ گئی۔علاوہ ازیں وہاں مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اموات کی مجموعی تعداد 120 سے بڑھ کر 122 ہوگئی۔گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی گئی اور ایک روز میں 6 نئے کیسز اور ایک اموات کا اضافہ ہوا۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے، یوں مجموعی کیسز کی تعداد 1417 سے بڑھ کر 1423 ہوگئی۔ادھر آزاد کشمیر میں کورونا وائرس نے مزید 24 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی۔جس کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا وائرس سے اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار 3 سے بڑھ کر ایک ہزار 27 ہوگئی۔جس طرح ملک میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آرہے ہیں اسی طرح صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 5 ہزار 718 لوگ اس وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے۔اس طرح پاکستان میں ان 4 ماہ سے زائد کے عرصے میں کورونا وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد 86 ہزار 906 سے بڑھ کر 92 ہزار 624 ہوگئی۔ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 80 ہزار 446 ہیں تو وہیں پنجاب میں 74 ہزار 202 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔پوری دنیا موذی وائرس کی لپیٹ میں ہے، کورونا مریضوں کی تعداد ایک کروڑ سے بھی تجاوز کر گئی، ہلاکتیں پانچ لاکھ سے بھی بڑھ گئیں۔ برازیل میں مزید 994،میکسیکو میں 719، امریکا میں 512 اور بھارت میں 412 افراد جان سے چلے گئے۔دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی۔ مہلک وائرس نے اب تک 5 لاکھ سے زائد افراد کی جان لے لی۔ دنیا بھر میں ایک روز میں ایک لاکھ 76ہزار سے زائد کورونا کے مریض سامنے آئے۔ امریکا میں کورونا سے 25 لاکھ 96 ہزارافراد متاثر ہیں، 1 لاکھ 28 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ کورونا سے متاثرہ ممالک میں برازیل دوسرے نمبر پر آ گیا جہاں 13 لاکھ 16 ہزار افراد متاثر ہیں، 57 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔روس تیسرے نمبر پر ہے جہاں 6 لاکھ 27ہزار سے زائد کورونا کے مریض ہیں، 9 ہزار کے قریب افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ بھارت دنیا میں کورونا سے متاثر چوتھا بڑا ملک ہے، مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 30 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔ مرنے والوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کر گئی۔میکسیکو میں 4 ہزار 410 نئے کیسز کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار تک پہنچ گئی، مرنے والوں کی تعداد 26 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ چلی میں مزید 280، پیرو میں 196 اور ایران میں 125 افراد ہلاک ہوئے۔

کورونا اموات

مزید :

صفحہ اول -