گورنر سندھ کی سید منور حسن کے انتقال پر طلحہ حسن، سینیٹر سراج الحق سے ملاقات و اظہار تعزیت
کراچی(اسٹاف رپورٹرسابق امیرجماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن کے انتقال پرگورنر سندھ عمران اسماعیل نے ان کے گھر جاکر بیٹے سید طلحہ حسن،امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق،داماد سعد، ڈپٹی سکریٹری پاکستان محمد اصغر، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات و اظہار تعزیت کیا۔اس موقع پر سیکریٹری کراچی عبدالوہاب، امیر ضلع وسطی منعم ظفر خان،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔بعد ازاں عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سید منورحسن انتہائی سچے اور نڈر انسان تھے،انہوں نے اپنی زندگی میں ہمیشہ حق اورصبر واستقلال کوزندہ علامت بنائے رکھا،سید منور حسن کی شخصیت کو جتنا دیکھا،سمجھا اور جانااس سے معلوم ہوا کہ وہ ایک نظریاتی شخصیت اور حق گو انسان تھے،شاید اسی لیے انہیں سچائی کے سفر میں بارہا مشکلات کاسامناکرنا پڑا لیکن وہ جس بات کو درست سمجھتے تھے،جرات اور حوصلے کے ساتھ ڈٹ جاتے تھے۔انہوں نے کہاکہ سید منور حسن قاضی حسین احمد کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے، ان دونوں شخصیات سے میری تین چار ملاقاتیں رہی ہیں اور بہت کچھ سیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا ہے۔آج میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تعزیت کرنے آیا ہوں اوردعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے،لواحقین وپسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے آمین۔